مملکت میں سمارٹ پارکنگ لاٹس، دبئی کی کمپنی سے معاہدہ
’’ریاض پارکنگ‘ کے عنوان سے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب میں کار پارکنگ کے شعبے میں جدت پیدا کرنے اور خدمات کو وسعت دینے کے لیے سعودی لاجسٹک سروسز کی کمپنی ’باتک‘ نے دبئی کی کمپنی ’بارکن‘ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
الاقتصادیہ کے مطابق دبئی کی ’بارکن‘ کمپنی سمارٹ پارکنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہے جس کے زیر انتظام دبئی کے مختلف علاقوں میں 2 لاکھ 7 ہزا رسے زائد پیڈ پارکنگ لاٹس ہیں۔
باتک کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’مملکت میں پیڈ پارکنگ کے شعبے کو منظم کرنے اور ڈیجیٹل سروسز کو وسعت دینے کے لیے دبئی کی کمپنی کے ساتھ اشتراکِ عمل کیا جائے گا۔ ‘
’ سمارٹ پارکنگ سسٹم میں مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کو سہولت فراہم کی جائے گی۔‘
کمپنی کا مزید کہنا تھا ’سمارٹ پارکنگ لاٹس میں حساس کیمروں کے ذریعے پارکنگ کے مقامات کی وضاحت اور گاڑی کو پارک کرنے کے امر کو مزید آسان بنایا جاسکے گا۔‘
’’ریاض پارکنگ‘ کے عنوان سے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت سمارٹ پارکنگ لاٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘