Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرے کے لیے ای گیٹ پروگرام کیا ہے؟

تمام عمرہ پیکیج آن لائن حاصل کئے جا سکیں گے (فوٹو: ایس پی اے )
سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرے پرآنے والوں کے لیے ایک اور سہولت کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
وزارت نے اسپیشلسٹ کمپنی ’عمرہ می‘ کو کثیر المقاصد ای گیٹ قائم کرنے کا ٹھیکہ دیدیا۔
سبق ویب کے مطابق ای گیٹ کثیر المقاصد ہو گا۔ اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرہ پر آنے میں سہولت ہو گی۔ عمرہ ویزاآن لائن حاصل کیا جا سکے گا۔ عمرے کے سفر کی ساری تیاری آن لائن ہو گی۔ ہوٹل کی بکنگ، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے جملہ انتظامات کے پیکیج آن لائن حاصل کئے جا سکیں گے۔
دنیا بھر میں موجود 3700 خارجی ایجنٹس اور عمرہ ٹوورز کے انتظامات کرنیوالے 700 ادارے عمرہ ای گیٹ سے استفادہ کریں گے۔

وزارت حج و عمرہ سعودی وژن2030ء کے تحت یہ اقدامات کررہی ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)

کثیر المقاصد ای گیٹ کا ٹھیکہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی موجودگی میں دیا گیا۔ وزارت کی جانب سے حج و عمرہ سسٹم کے نگران اعلیٰ عبدالرحمان فہد شمس نے مفاہمتی یادداشت میں دستخط کیے۔
عمرہ بزنس کے بانی ایگزیکٹو چیئرمین محمد محفوظ سالم بن محفوظ نے بتایا کہ ہمارے ادارے نے Umrahme.com ڈیزائن کیا ہے ۔ہمارے ادارہ نے عمرہ بزنس ویب بھی جاری کی ہے۔ اس سے ای گیٹ کی راہ ہموار اور اس کا استعمال آسان ہو گا ۔وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ملکر یہ کام انجام دیا جائے گا۔
محمد محفوظ نے بتایا کہ سعودی عرب میں ای عمرہ نظام کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ عمرے سے متعلق جملہ امور پیشہ وارانہ انداز میں انجام دیے جائیں گے۔ وزارت حج و عمرہ سعودی وژن2030 کے تحت یہ اقدامات کررہی ہے۔

 ای عمرہ نظام کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جا رہا ہے،محمد محفوظ(فوٹو: الوئام)

الوئام کے مطابق محمد محفوظ نے بتایا کہ عمرہ می ویب کی مدد سے پروازوں میں تبدیلی بھی ممکن ہو سکے گی ۔ٹرانزٹ کے مسافر بھی اس سے فائدہ حاصل کر سکیں گے۔
اس کی بدولت عمرے کا پروگرام دنیا کے ہر انسان کے لیے آسان ہو جائے گا ۔اس حوالے سے مزید تفصیلات umrahme.comسے رجوع کر کے حاصل کی جا سکتی ہے۔

شیئر: