Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ثنا اللہ تصویر بناؤ‘ نومنتخب رکن مشہور

’لوگ اس ویڈیو سے مزے لے رہے ہیں، انجوائے کر رہے ہیں تو کرنے دیں۔‘ فوٹو: ٹوئٹر
یہ سادگی تھی، معصومیت، یا پھر اتنے سارے ٹی وی چینلز کے مائیک ایک ساتھ اپنے سامنے دیکھ کر خوشی سے جذبات پر قابو نہ رکھنا مگر ایک تصویر بنانے کی خواہش نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے نومنتخب نوجوان رکن بلاول آفریدی کو راتوں رات سوشل میڈیا کے ذریعے پورے ملک میں مشہور کر دیا۔
قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے حلقہ پی کے 106 سے منتخب ہونے والے بلاول آفریدی نے صوبائی اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف اٹھایا تو یہ یقیناً ان کے لیے ایک کامیابی اور خوشی کا موقع تھا۔ پشاور میں صوبائی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے ثنا اللہ نام کے ایک شخص کو ادھر ادھر تلاش کرتے ہوئے بلایا اور پشتو میں کہا ’تصویر بناؤ‘۔
اس موقع پر بنائی گئی ویڈیو کا ایک مختصر کلپ سوشل میڈٰیا پر شیئر کرکے صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
یوسفزئے ہلک کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے بلاول آفریدی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’تم کہاں ہو، ثنااللہ۔‘

عرفان خان نامی صارف نے ویڈیو کے ساتھ پشتو میں لکھا ہے ’تصویر بناؤ۔‘
بلاول آفریدی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے حلقے کے ہزاروں ووٹرز کو سوات کے تفریحی دورے پر لے کر گئے ہیں۔

سوات سے اردو نیوز کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے بلاول آفریدی نے کہا کہ عوام نے ان کو محبت دی، کامیاب کرایا اور وہ اپنے حلقے کے لوگوں کو کالام سیر کرانے لائے ہیں۔ ’یہاں دو دن قیام کریں گے۔ پانچ ہزار سے زائد لوگ ہیں اور 400 گاڑیوں کا قافلہ ہے۔ سارے لوگوں کے لیے کالام میں موجود تمام ہوٹل پہلے سے میری ٹیم نے بک کرا دیے تھے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس سیر و تفریح پر ان کا خرچ الیکشن مہم کے اخراجات سے زیادہ نہیں ہوگا؟ تو ان کا جواب تھا ’خرچہ اللہ پورا کرے گا۔ وہ سب انتظام کرتا ہے۔‘
خیال رہے کہ بلاول آفریدی کے والد شاہ جی گل آفریدی 2013 سے 2018 تک پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن رہے۔
بلاول آفریدی نے کہا کہ وہ آج 26  سال کے ہو گئے ہیں اور اپنے لوگوں کے ساتھ سالگرہ منا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’لوگوں نے بہت پیار اور ساتھ دیا اور انہی کے ساتھ خوشی منا رہا ہوں۔‘
ان سے مشہور ہونے والی ویڈیو اور اس شخص کے بارے میں پوچھا جس کو وہ ثنا اللہ کے نام سے بلا رہے تھے تو بلاول آفریدی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’ثنا اللہ میرا عزیز ہے، میرا ورکر ہے۔‘

بلاول آفریدی کا خاندان سابقہ قبائلی علاقے خیبر میں سیاسی اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

انہوں نے کہا کہ ثنا اللہ کو بلانے کا مقصد تھا کہ قریب آ کر ساتھ کھڑے ہوں اور تصویر بنائیں مگر لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس کو کسی اور طریقے سے پیش کیا۔ ’اب وہ ویڈیو مشہور ہوگئی ہے اور لوگوں نے اس کا مذاق بنایا۔‘
بلاول آفریدی نے ہنستے ہوئے کہا ’لوگ اس ویڈیو سے مزے لے رہے ہیں، انجوائے کر رہے ہیں تو کرنے دیں۔‘
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بلاول آفریدی آزاد حیثیت سے خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے دیگر دو آزاد ارکان صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی اور عباس رحمان کے ساتھ مل کر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شیئر: