سعودی عرب سماجی کفالت کا مکمل نظام قائم کیے ہوئے ہے۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ مملکت میں سماجی کفالت کے حقدار صرف اور صرف سعودی شہری ہی ہوں گے جبکہ غیر ملکی اس نظام سے خارج ہوں گے۔
اخبار 24کے مطابق سماجی کفالت نظام کے لائحہ عمل نے واضح کیا ہے کہ یہ درست ہے کہ سماجی کفالت کی بنیادی شرط سعودی شہری ہونا ہے۔
اس میں بھی ایک شرط یہ ہے کہ وہی سعودی سماجی کفالت کے نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو مملکت میں مستقل بنیادو ں پر سکونت پذیر ہوں تاہم چند صورتیں ایسی ہیں جن میں غیر ملکی بھی سماجی کفالت نظام کے حقدار ٹھہرائے گئے۔
جو غیر ملکی سماجی کفالت کے نظام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ان میں ایک تو سعودی شہری کی غیر ملکی بیوی ہے۔
سعودی شہری کی ایسی غیر ملکی بیوہ بھی جو سعودیوں کی ماں ہو سماجی کفالت کی حقدار قرار دی گئی ہے۔
غیر ملکی شوہر کی سعودی بیوہ کی اولاد بھی سماجی کفالت کی حقدارہے۔
سماجی کفالت نظام کے لائحہ عمل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی معذور، یتیم اور ایسی اولاد جن کے پاس سعودی شہریت کی کوئی دستاویز نہ ہو۔ البتہ انکے پاس سعودی عرب میں اندرون ملک سفر کے اجازت نامے موجود ہوں۔ یہ بھی مشروط شکل میں سماجی کفالت کے حقدار ہیں۔