Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشتون اتنڑ ڈانس: رقص یا جنگ کی مشق

اتنڑ، پاکستان اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پشتونوں کے ہاں یکساں مقبول ہے۔ فائل فوٹو
اتنڑ پشتون قوم کا ایک قدیم رقص ہے، جو زمانے سے افغانستان، پاکستان اور دنیا کےمختلف ممالک میں آباد پشتونوں میں رائج ہے۔ تاریخ اس رقص کو آریائی معاشرے تک پہنچاتی ہے اور اسے اس وقت کے مذہبی رسوم و رواج سے نکلی ہوئی ایک رسم قرار دیتی ہے۔
 کہا جاتا ہے کہ پہلے پہل یہ عمل نوجوانوں کو جنگی تربیت کے طور پر کرایا جاتا تھا تاکہ وہ سیکھ سکیں کہ تلوار چلانا اور دیگر جنگی ہتھیاروں کو تیزی سے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔  نوجوان جنگجو کے بدن میں چستی،  چالاکی اور مضبوطی پیدا کرنے کے لیے اتنڑ کی مشق کرائی جاتی تھی۔

مختلف تہواروں اور خوشی کے مواقع پر جذبات کے اظہار کے لیے اتنڑ کو اہم ذریعہ مانا جاتا ہے۔

 خٹک اتنڑ کو ہم بطور مثال پیش کرسکتے ہیں۔ خٹک اتنڑ آج بھی تلوار ہاتھ میں لےکر ڈھول کی تھاپ پر کیا جاتا ہے۔وقت کے ساتھ ساتھ یہ تربیت یا ورزش پشتون موسیقی اور ثقافت کا حصہ بنا۔
 مورخین لکھتے ہے کہ زمانہ قدیم میں جب پشتون مشران یعنی معتبر افرادکوئی جرگہ شروع کرتے تھے تو سب سے پہلے وہ اتنڑ کرتے تھے ،اسی طرح جب پشتون لشکر جنگ کے لیے نکلتے تو تب بھی ڈھول اور اتنڑ کے ساتھ نکلتے تھے۔
اتنڑ کی مختلف اقسام ہیں، اسے قبائلی ناموں کے ساتھ تقسیم کیا گیا ہے جو مختلف قبائل اور کچھ علاقوں کے ناموں سے منسوب ہیں۔ ان اقسام میں کوچی (پاوندے) اتنڑ، قندہاری اتنڑ، ناصری اتنڑ، اکاخیلی اتنڑ، بڑیچی اتنڑ، ملاخیلی اتنڑ، وردگی اتنڑ، وزیری اتنڑ،  خٹک اتنڑ اور دیگر بہت سے مشہور ناموں کے اتنڑ ہے۔

مغربی ملکوں میں مقیم پشتونوں کے ہاں مختلف تہواروں پر اتنڑ برگ (مکس) رقص کیا جاتا ہے۔ فوٹو: وڈیو سکرین گریب

ایک اتنڑ برگ (مکس)  اتنڑ کے نام سے مشہور ہے جو پاکستان اور افغانستان میں کم لیکن مغربی ممالک میں مقیم پشتونوں کے ہاں زیادہ رائج ہے،یہ لوگ اس اتنڑ سے مختلف تہواروں کے موقع پر خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اس اتنڑ میں مرد اور خواتین ایک ساتھ شامل ہوتے ہیں۔برگ اتنڑ خاندان میں اتفاق اور خوشحالی کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔
اتنڑ عام طور پر ایک گروپ ، دائرے میں کھڑا ہو کر کرتا ہے،  ڈھول کے تھاپ پر شروع ہونے والا  اتنڑ ابتدا میں آہستہ ہوتا ہےجب کہ اس کے شریک زیادہ تعداد میں ہوتے ہوتے ہیں، جوں جوں وقت گزرتا ہے ڈھول کی تھاپ تیز اور اتنڑ بھی تیز تر ہوتا چلا جاتا ہے البتہ اس مرحلہ پر اتنڑ کرنے والے کم ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔  جب اتنڑ تیز ہوجائے تو اتنڑ کرنے والے ڈھول کی آواز پر اپنے ہاتھوں اورپاؤں کی حرکت تیز کردیتے ہیں ، بعض ہاتھوں میں رومال لے کر ہاتھ سر سے اوپر لےجاتے ہیں جو اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

 

تماشائیوں کی آوازیں اور داد اتنڑ کے شرکا کی  حوصلہ افزائی کے کام آتے ہیں، ایسا کرنے سے  اتنڑ کے شرکا کے درمیان مقابلے کا رحجان پیدا ہوتا ہے۔ اتنڑ میں گروہ کے سربراہ کا اہم کردار ہوتا ہے وہ اتنڑ کی قطار میں شروع میں ہوتا ہے اس پر منحصر ہوتا ہے کہ اتنڑ کی کس قسم کو جاری رکھنا ہے اور اسے کب تبدیل کرنا ہے۔
ایک اتنڑ کا دورانیہ تقریباً بیس منٹ سے ایک گھنٹہ ہے اس دوران اتنڑ کرنے والے تھک جانے سے بچنے کے لیے اپنی  کمر کے گرد لپیٹ کر  باندھ لیتے ہیں۔ اتنڑ کو مزید خوبصورتی دینے کے لیے خواتین کے ہاتھوں کڑھے ہوئے رومال استعمال کیے جاتے ہیں، اتنڑ کرنے والے نوجوان اپنے بالوں کو زیادہ سے زیادہ بڑا رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

 

شیئر: