Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سلمان خان زندگی بھر کے دوست ہیں‘

رنبیر سے بریک اپ کے بعد کترینہ اور سلمان میں دوبارہ قربتیں بڑھیں، تصویر: اے ایف پی
سلمان خان اور کترینہ کیف بالی وڈ کی مشہور جوڑی ہیں اور دونوں نے انڈسٹری کو ایک ساتھ کئی ہٹ فلمیں دی ہیں جن میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھارت‘ شامل ہیں۔
فلمی پنڈتوں کا ماننا ہے کہ دونوں کی کیمسٹری بہت عمدہ ہے جو کسی بھی فلمی جوڑی کی ضرورت ہوتی ہے۔
ان کے علاوہ بھی جتنی فلموں میں سلمان اور کترینہ نے ایک ساتھ کام کیا، فلمی شائقین نے دونوں کی جوڑی کو بے حد پسند کیا ہے۔   
کترینہ کیف نے حال ہی سنگاپور میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے ساتھی اداکار، دوست اور بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان سے متعلق سوالوں کا جواب بھی دیا۔
ایک سوال پر کترینہ بلا جھجک کہا کہ سلمان خان ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اور ایک دوست کی حیثیت سے بھی برسوں سے مجھے ان کا ہمیشہ تعاون حاصل رہا ہے۔

سلمان خان اور کترینہ کیف نے بالی وڈ کو کئی ہٹ فلمیں دی ہیں، تصویر: اے ایف پی

’وہ اس قسم کی شخصیت ہیں جن پر مکمل اعتبار کیا جا سکتا ہے، مجھے ان پر پورا بھروسہ ہے اور میرا خیال ہے ہمارے درمیان اعتماد اور اعتبار کا رشتہ ہے۔‘  
کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ ’سلمان خان زندگی بھر کے دوست ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ جب زندگی کے مشکل دور سے گزر رہی تھیں تو سلمان خان نے ان کی ہمت بندھائی۔
فلمی پنڈتوں کا ماننا ہے کہ یہ سمجھنے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں کہ کترینہ کس جانب اشارہ کر رہی ہیں، یقیناً انہوں نے رنبیر کپور کے ساتھ اپنے بریک اپ اور اس کے بعد کے دور کا حوالہ دیا ہے۔  
کہا جاتا ہے کہ کترینہ اور رنبیر 2009 میں ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک دوسرے کے قریب آئے اور سات برس بعد 2016 میں ’جگا جاسوس‘ کی شوٹنگ کے اختتام کے قریب ان کا بریک اپ ہو گیا۔

کترینہ سے بریک اپ کے بعد رنبیر اور عالیہ بھٹ کی دوستی کا چرچا ہے، تصویر: اے ایف پی

کترینہ کیف کے ساتھ بریک اپ کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی دوستی کا ہر جانب چرچا ہے جبکہ کترینہ اور سلمان میں بھی دوبارہ قربتیں بڑھنے لگی ہیں۔
بالی وڈ کی ’کیٹ‘ نے مزید کہا کہ سلمان خان کی بہنوں ارپتا اور الویرا کو وہ اپنی آٹھویں اور نویں بہن سمجھتی ہیں اور وہ ان کے ساتھ ویسا ہی تعلق محسوس کرتی ہیں۔
کترینہ اور سلمان حال ہی میں علی عباس ظفر کی فلم ’بھارت‘ میں اکٹھے نظر آئے جس میں دیشا پٹانی بھی موجود تھیں۔ یاد رہے کہ اس فلم میں کترینہ سے پہلے پرینکا چوپڑا کو اس کردار کی پیش کش کی گئی تھی تاہم فلم کی شوٹنگ اور شادی کی تاریخوں میں ٹکراؤ کے باعث انہوں نے معذرت کر لی۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی اگلی فلم ’دبنگ تھری‘ رواں برس 20 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے جبکہ کترینہ کیف روہت سیٹی کی ’سوریا ونشی‘ میں اکشے کمار کے ساتھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم آئندہ برس 27 مارچ کو ریلیز ہو گی۔

شیئر: