یہ پابندی 2ماہ کے لیے عائد کی گئی تھی(تصویر روئٹرز)
سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے اتوار 16ستمبر سے دھوپ میں ممنوعہ اوقات کے دوران کام کرنے کی پابندی ختم کردی۔
یہ پابندی 2ماہ کے لیے عائد کی گئی تھی۔ اخبار 24کے مطابق وزارت محنت و سماجی بہود کی جانب سے ہر سال 15جولائی سے 15ستمبر تک کھلے مقامات پر محنت مزدوری کرنے والے کارکنوں پر دوپہر 12بجے سے سہ پہر 3بجے تک کام کرنے کی پابندی عائد کی جاتی ہے۔
وزارت محنت کا کہنا ہے کہ یہ پابندی کارکنوں کی جسمانی صحت کی حفاظت اور انہیں لو لگنے سے بچانا ہے۔
وزارت محنت کی جانب سے پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کنٹریکٹرز پر جرمانے بھی عائدکیے جاتے ہیں۔
وزارت محنت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اوقات کی پابندی کا اطلاق پٹرول اور گیس فیلڈز کے علاوہ ہنگامی بنیادوں پر کیے جانے والے کاموں پر نہیں ہوتا تاہم وہ کارکن جو ہنگامی بنیادوں پر اصلاح و مرمت کا کام کرتے ہیں ان پر لازمی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ لو لگنے سے بچ سکیں۔
واضح رہے کہ جولائی سے ستمبر تک سعودی عرب ہی نہیں بلکہ تمام عرب ممالک میں موسم شدید گرم رہتا ہے۔ ان ممالک میں کارکنوں کی بہتر نگہداشت اور حفاظت کے لیے قانون مرتب کیے جاتے ہیں۔
سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کا کہنا ہے کہ سعودی وزارت محنت کے قوانین ان کی حفاظت اور بہتری کے لیے ہیں۔ ان قوانین پر عمل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں