تیل کے نرخوں میں بتدریج مزید اضافہ متوقع ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
کویتی تجزیہ نگار محمد الشطی نے خبر دار کہا ہے کہ سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملے کے عالمی سطح پر سنگین اثرات مرتب ہونگے ۔
کویت کی خبر رساں ایجنسی کونا سے جاری ایک بیان میں کویتی تجزیہ نگا رنے پیشگوئی کی کہ آنے وا لے دنوں میں کویت میں تیل کی قیمتیں65 سے 75ڈالر فی بیرل کے درمیان رہیں گی۔
محمد الشطی نے کہا کہ اس طرح کے خطرات سے عالمی منڈی کا متاثر ہونا ناگزیرہے۔ تیل کے نرخوں میں بتدریج مزید اضافہ متوقع ہے۔ تیل کی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے باعث معمول کے مطابق تیل سپلائی کی بحالی میں وقت درکار ہے۔
تجزیہ نگا ر کے مطابق سعودی عرب میں آرامکو کے ابقیق اور خریص پلانٹس پر ہونے والے حملے کے تیل و گیس کی عالمی تجارت پر سنگین اثرات پڑے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب دنیا میں تیل کی پیدا کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے ۔
آرامکوتیل تنصیبات پر ہونے والے حملے کے بعد عالمی منڈی میں ایک ہی دن کے اندرفی بیرل خام تیل کے نرخو ں میں 8.80 ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اتنا زیادہ اضافہ گذشتہ 30 برسوں میں نہیں دیکھا گیا۔
’منڈی کے قدیم اصول کے مطابق طلب میں اضافہ اور رسد میں کمی قیمتوں میں اضافہ کا بنیادی سبب ہوتے ہیں۔ یہ وہ قدیم اصول ہے جو ہر مارکیٹ پر لاگو ہوتا ہے۔ اسی اعتبار سے تیل کی عالمی منڈی میں بھی قیمتوں میں ہونے والا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘۔