انتونیو گتریس کا کہنا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، تصویر: اے ایف پی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور انڈیا کے درمیان مذاکرات ضروری ہیں۔
بدھ کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں نیوز کانفرنس کے دوران کشمیر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انتونیو گتریس نے کہا کہ وہ واضح سوچ رکھتے ہیں کہ علاقے میں انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اگر پاکستان اور انڈیا راضی ہوں تو وہ مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی وکالت کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس سے قبل بھی کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کشمیر کے معاملے پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
خیال رہے کہ رواں برس 5 اگست کو انڈیا کی جانب سے اپنے زیرانتظام کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بھی محدود کر رکھے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔