قومی دن کی تقریبات 23 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن کی مناسبت سے انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں تقریبات کا آج سے آغاز کیا جا رہا ہے۔
تقریبات کا سلسلہ 23 ستمبر کی شب 11 بجے تک جاری رہے گا۔ عربی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 کا کہنا ہے کہ قومی دن کی مناسبت سے جدہ اور ریاض میں بڑی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ دیگر شہروں میں بھی یوم الوطنی ( سعودی عرب کے قومی دن ) کی مناسبت سے تقریبات کا آغاز کیا جائے گا۔
تفریحی کمیٹی کا کہنا ہے کہ قومی دن کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریبات کے انعقاد کے لیے منظم طریقے سے کام کیا گیا ہے تاکہ اپنی نوعیت کی منفرد تقریبات منعقد کی جائیں۔ اس حوالے سے جدہ اور ریاض میں تقریب کے مقام پر ایک ہی طرز کے علامتی گیٹس بنائے گئے ہیں جو 'قصر المصمک ' کی شکل کے ہیں۔ یہ گیٹ قومی وحدت کی عکاسی کرتے ہیں۔
قومی دن کی تقربیات کے لیے جدہ کورنیش کے علاقے میں بڑے پیمانے پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جدہ میں کورنیش کے علاوہ مختلف تجارتی مالز میں بھی قومی دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے ریجنل نگران عمرو باناجہ نے سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن کی مناسبت سے 5 روزہ تقریبات کا آغاز جمعرات 19 ستمبر کی شب سے کیا جائے گا جو 23 ستمبر کی نصف شب تک جاری رہیں گی۔
باناجہ نے مزید کہا کہ قومی تقریبات ’ہمت تا بلندی‘ کے عنوان سے منعقد کی جائیں گی جس کا مقصد سعودی عوام کے حوصلوں اور ہمت کو دنیا کے سامنے رکھنا ہے۔ یہ عنوان ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کے قول ’سعودیوں کی ہمت طویق پہاڑی جیسی‘ سے ماخوذ ہے۔
قومی دن کی مناسبت سے آتشبازی پروگرام کے بارے میں باناجہ کا کہنا تھا کہ رواں سال ملک بھر میں آتشبازی کے 7 لاکھ مظاہرے پیش کیے جائیں گے جن کی انتہائی بلندی 300 میٹر تک ہو گی۔ آتشبازی کے لئے اس امر کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ یہ مناظر دور سے بھی دیکھے جا سکیں اسی لئے انتہائی بلندی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
قومی دن کے حوالے سے آتشبازی کے پروگراموں کے علاوہ مختلف قسم کی قومی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ثقافتی شوز، قومی ترانے اور سٹیج شوز شامل ہیں۔
اس حوالے سے جدہ کورنیش پر گذشتہ دو ہفتوں سے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کورنیش کی کئی میل لمبی پٹی پر آتشبازی کے لیے مخصوص پلیٹ فارمز تیار کیے گئے ہیں جبکہ تین مقامات پر خصوصی گیٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کورنیش تک جانے والے راستوں پر خصوصی پارکنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹاسک فورس کے علاوہ ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے خصوصی طور پر اضافی کارکنوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ جدہ ساحل پر قومی دن کی تقریبات کے لئے خصوصی طور پر فوڈ ایریا بھی بنایا گیا ہے جہاں عالمی برانڈ کی کمپنیوں کی جانب سے اپنے سٹالز لگائے جائیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں