سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن کی تیاریاں، تصویروں میں
جمعرات 19 ستمبر 2019 20:51
تمام شہروں کو قومی دن کی تقریبات کے لیے سجا دیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا 89واں قومی دن جوں جوں قریب آتا جارہا ہے ویسے ویسے ملک کے تمام علاقوں خصوصاً بڑے بڑے شہروں اور قصبوں میں جشن کی تیاریاں بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔
تمام بڑے شہر ریاض، مدینہ، مکہ، خمیس مشیط، تبوک، دمام، بریدہ، حائل، الخبر، عرعر، جدہ، عنیزہ، الباحہ، جازان، ابہا، نجران اور حفر الباطن قومی پرچموں سے سجا دیئے گئے۔ سرکاری عمارتیں اور بازار قمقموں سے جگمگانے لگے ہیں۔
ابہا میں 4 کلو میٹر کا علاقہ کنگ فیصل جامع مسجد سے لیکر ابو خیال پارک تک قومی دن کی تقریبات کے لیے مخصوص کردیا گیا ہے۔ 6 بڑے بڑے اسٹیج تیار کردیئے گئے ہیں۔ دیو ہیکل اسکرینیں نصب کردی گئیں ہیں۔ تقریبات 22 ستمبر کو دوپہر 2 بجے سے شروع ہو جائیں گی۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے تمام سڑکوں، چوراہوں اور تقریبات کے مراکز کو سجادیا ہے۔ سبز رنگ کے قمقمے جگ مگ کررہے ہیں۔ 1200پرچم نصب کئے گئے ہیں۔ 100سے زیادہ دیو ہیکل لائٹس لگائی گئی ہیں۔ ایک لاکھ میٹر کے رقبے میں سفید اور سبز رنگ کے قمقمے خوبصورت منظر پیش کررہے ہیں۔
ریاض میں تقریبات کے تمام مراکز قومی پرچموں اور رنگ برنگے قمقموں سے سج گئے ہیں۔ مصمک عجائب گھر شہریوں اور تارکین وطن کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ دارالحکومت کی تمام شاہراہیں، چوراہیں، درخت، فلک بوس عمارتیں، سرکاری دفاتر اور عوامی مراکز قابل دید منظر پیش کررہے ہیں۔
مدینہ منورہ کی تمام بڑی سڑکوں، پلوں اور اہم تنصیبات پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔ جگہ جگہ وطن عزیز سے محبت کا اظہار بینرز پر خوبصورت جملوں کی صورت میں کیا جارہا ہے۔ دیو ہیکل اسکرین چوراہوں پر نصب کردیئے گئے ہیں۔
اسکولوں اور بازاروں کی عمارتوں اور دیواروں پر پیارے وطن سے پیار کا بھرپور اظہار انتہائی خوبصورت جملوں کی صورت میں کیا جارہا ہے۔
جدہ میں ساحل سمندر، شاہراہوں، فلک بوس عمارتوں، پارکوں، ہوٹلوں اور اہم چوراہوں پر سعودی پرچم لہرا رہے ہیں۔ مقامی نوجوانوں کے شانہ بشانہ غیر ملکی بھی سعودی پرچم خرید رہے ہیں۔
امسال قومی دن کے موقع پر پہلی بار سرکاری ادارے 4 دن تک بند رہیں گے۔ سعودی اور غیر ملکی خاندان اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے موڈ میں نظرآرہے ہیں۔ قومی دن بیشتر خاندان مل جل کر ساحل سمندر پر منائیں گے۔ نوجوان گاڑیاں بھی سجا رہے ہیں۔
(تصاویر: سعودی پریس ایجنسی)