’عمران خان کے بغیر تم پر عذاب آتا رہے گا‘
مشیر اطلاعات نے اس زلزلے کو تبدیلی سے جوڑ دیا تھا۔ فوٹو پی آئی ڈی
پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں آنے والے زلزلے کے حوالے سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اپنے ایک متنازع بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
حکومت مخاالف سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ حکمران جماعت کے حامی صارفین بھی فردوس عاشق کے متنازع بیان دینے پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے منگل کو ایک تقریب سے خطاب کے دوران زلزلے کو تبدیلی سے جوڑ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ نشانیاں ہیں کہ جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو نیچے بے تابی ہوتی ہے۔ تو یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں ہے۔‘
تنزیلہ مظہر نامی صارف نے لکھا کہ ’کوئی خدا کا خوف کر لیں یہ کون لوگ ہیں۔ سینکڑوں لوگوں کے جان و مال کا نقصان ہوا یہاں دانش وری جھاڑ کر لطیفے اور تجزیے کرنے والے ذرا سی ہمدردانہ سوچ رکھ کر اگر کچھ اور نہیں کر سکتے تو برائے مہربانی چپ رہیں۔ شکریہ‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایم این اے عامر لیاقت حسین نے بھی فردوس عاشق اعوان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا ہے کہ ’وزیراعظم صاحب! انتہائی دست بستہ ادب کے ساتھ یعنی ہاتھ جوڑ کے ملتمس ہوں کہ ’میں گھبراتا نہیں ہوں‘ مگر ایسی باتیں سن کر گھبرا جاتا ہوں۔ ان کے لیے کچھ کیجیے، بہت ہو گیا پلیز کچھ کیجیے۔‘
اینکر پرسن نادیہ مرزا نے فردوس عاشق اعوان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انہوں (فردوس عاشق) نے زلزلے کے حوالے سے جو نتیجہ اخذ کیا ہے اسے میں کیا کہوں؟ سنگدلی یا بے حسی؟
فہد محمود نامی صارف نے فردوس عاشق اعوان کے بیان پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ ’حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ مشیر اطلاعات کے بیان سے لگا لیجیے۔ زلزلے کی زد میں آنے والے لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، لاشے اٹھا رہے ہیں، اپنے پیاروں کے کھو جانے کے غم میں مغموم ہیں اور اُدھر اس عورت کی باچھیں کھل رہی ہیں۔ اتنا احمقانہ ردعمل، حیرت ہے کہ یہ کس قماش کے لوگ۔‘
صحافی ارشد وحید چودھری نے مشیر اطلاعات کا بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سیانے ایسے ہی نہیں کہتے کہ پہلے تولو، پھر بولو۔‘
چند صارفین فردوس عاشق اعوان کے اس بیان کا دفاع کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ پی ٹی آئی کے سپورٹر سمجھے جانے والے فیس بک پیچ ’بابا کوڈا‘ نے تبصرہ کیا کہ ’وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان پہلی مرتبہ مسلسل چار راتوں کے لیے ملک سے باہر گئے تو اللہ نے زلزلے کے ذریعے قوم کو وارننگ دے دی کہ عمران خان کے بغیر تم پر عذاب آتا رہے گا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بے شک عمران خان کو اللہ نے پاکستان کے لیے منتخب کر لیا ہے۔‘
سوشل میڈیا کا ردعمل سامنے آنے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’میری گفتگوکوسیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کرنا افسوسناک ہے۔ سوشل میڈیا کے معاشرے پراثرات کے تناظر میں بات ہو رہی تھی۔اچانک زلزلہ آیا، شرکائے محفل پریشان ہوگئے۔ حاضرین محفل کاحوصلہ بڑھانے کے لیے سوشل میڈیا کے تناظرمیں ہی جملے کہے جسے غلط رنگ دے کر عوام کوگمراہ کرنے کی افسوسناک کوشش کی جا رہی ہے۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں