حفیظ اللہ کے بقول وزن کم کرنے کے لیے ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے، فوٹو: گلف نیوز
وزن کم کرنے کے لیے لوگ نت نئے نسخے آزماتے ہیں، ڈاکٹروں سے مشورہ کرتے اور ان کی بھاری بھرکم فیسیں ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ ان میں مشہور و معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔
گلف نیوز ویب سائٹ کے مطابق دبئی میں رہائش پذیر پاکستانی شہری حفیظ اللہ خٹک کا وزن گذشتہ سال بڑھ کر 127 کلو گرام تک پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں حفیظ اللہ اپنا وزن کم کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اب ان کا وزن 84 کلو گرام ہے۔ حفیظ اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف 10 ماہ کے دوران 43 کلو گرام وزن کم کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ آئندہ 3 ماہ میں مزید 10 کلو وزن کم کریں۔
حفیظ اللہ خٹک کا کہنا ہے کہ وہ صبح ناشتے میں دو انڈے کھاتے ہیں اور چینی کے بغیر ایک کپ چائے پیتے ہیں۔ وزن کم کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بھائی احتشام الحق کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں یہ چیلنج دیا۔
حفیظ اللہ نے کہا ہے کہ جب گذشتہ برس وہ پاکستان گئے تو ان کا پیدل چلنا بھی مشکل ہورہا تھا جسے دیکھ کران کے بھائی احتشام نے مشورہ دیا کہ صحت مند اور خوش گوار زندگی گزارنے کے لیے انہیں وزن کم کرنا چاہیے جس پروہ راضی ہو گئے۔ بعد ازاں احتشام انہیں ایک ڈاکٹر کے پاس لے گئے ۔ ڈاکٹر نے انہیں کیٹو ڈائٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔
حفیظ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں اس ڈائٹ کے نتائج کے بارے میں یقین نہیں تھا مگر بھائی نے بڑی مدد کی اور پہلے ماہ میں ہی جب ان کا وزن نو کلو کم ہوا تو انہیں اس حوالے سے تحریک ملی۔
حفیظ خٹک کا کہنا ہے کہ وہ 2014 میں دبئی آئے تھے اور یہاں آکر ان کا وزن بڑھتا ہی رہا۔ گذشتہ سال جب وہ ابوظبی منتقل ہوئے تو ان کا وزن 127 کلو گرام تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں خوراک پر کنٹرول کرنا آ گیا ہے اورکیٹوڈائٹ کا استعمال روزمرہ کا معمول بن گیا ہے۔
حفیظ اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے واپسی کے بعد دوسرے ماہ انہوں مزید پانچ کلو وزن کم کیا اور بہتر نتائج ملنے پر اس ڈائٹ کو جاری رکھا اور یوں اب ان کا وزن 127 کلو سے کم ہو کر 84 کلو گرام تک آ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ پانچ کلو میٹر پیدل چلتے ہیں۔ کولیسٹرول اور صحت کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں۔ آئندہ تین ماہ میں مزید 10 کلو کم کرکے وزن کو 74 کلو گرام تک لے جانا چاہتے ہیں۔
حفیظ اللہ نے کہا کہ وہ ناشتے کے بعد دوپہر کا کھانا نہیں کھاتے۔ ڈنر شام چھ بجے کرلیتے ہیں۔ ڈنر میں مختلف قسم کے پھل، نٹس، ایواکاڈو، بیری، بادام اور اخروٹ کھاتے ہیں۔
ان کے بقول وہ اپنا کھانا مکھن میں تیار کرتے ہیں جس میں سبزیاں اور چکن کے دو چھوٹے ٹکڑے پکا کر کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ کم سے کم دو لیٹر پانی بھی پیتے ہیں۔
حفیظ اللہ کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ڈاکٹر سے مشورہ کریں تاکہ وہ آپ کی صحت دیکھ کر اس اعتبار سے آپ کی غذا کا تعین کرے۔