بدھ سے اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد وغبار کا طوفان ہوگا۔ فوٹو: سبق
سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شہروں میں موسم غیر یقینی رہے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے پیشن گوئی کی ہے کہ بدھ سے اتوار تک متعدد ریجنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوا اور گرد وغبار کے طوفان کا خدشہ ہے۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن سمیت جازان، عسیر اورباحہ کے علاوہ ساحلی علاقوں میں ایک ہفتہ تک موسم گرد آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے سانس کے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرد وغبار کے طوفان کے وقت گھروں تک محدود رہیں۔
محکمہ نے مزید بتایا ہے کہ ریاض، تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور القصیم میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
دریں اثنا مدینہ منورہ میں محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام سے لے کر فجر تک ریجن میں دھند چھائی رہے گی۔ ہائی وے پر سفر کرنے سے احتراز کیا جائے۔
اسی طرح طائف اور ابہا میں موسلادھار کے بارش کے ساتھ اولے پڑے جبکہ مکہ مکرمہ شہر میں گزشتہ کئی روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ نشیبی علاقوں، ڈھلانوں اور وادیوں کا رخ نہ کیا جائے۔
محکمہ شہری دفاع نے ہدایت کی ہے کہ تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث راہگیروں کو احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ تیز ہوا کے وقت گاڑیاں درختوں اور سائن بورڈ کے قریب نہ کھڑی کی جائیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں