مملکت کے مختلف شہروں میں موسمی تبدیلی کا آغا ہو گیا ہے۔ بعض علاقوں میں بارش جبکہ کہیں شدید گرد و غبار کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی تحفظ کے ترجمان حسین القحطانی نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’جدہ ریجن میں موسم آج اورکل، بروز بدھ، غبار آلود رہے گا۔‘
محکمہ شہری دفاع کی جانب سے بھی لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو سانس کے مرض میں مبتلا ہیں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خراب موسم کے سبب اشد ضرورت کے بغیرگھروں سےنہ نکلیں۔
شہری دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے، ’گھرو ں اور دفتروں سے باہر جانے والے طبی ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں۔ والدین اپنے بچوں کو طبی ماسک استعمال کروائیں۔‘
جدہ میں شدید گردو غبار کے باوجود اسکولوں کی تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے والدین نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’وزارت تعلیم کی جانب سے ایسے موسم میں سکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا جاتا تھا۔‘
والدین کا کہنا تھا، ’شدید گردو غبار کی وجہ سے بچوں کو سکول جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کلاسوں اور سکول گرائونڈ میں غبار کے سبب طلبا کی صحت متاثر ہونے کا اندیشہ ہو تا ہے، اس لیے وزارتِ تعلیم کو موسمی حالات دیکھتے ہوئے سکولوں میں تعطیل کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔‘
واضح رہے ماضی میں ان دنوں جب موسم شدید غبار آلود ہوتا یا بارش کی پیش گوئی کی جاتی تھی وزارتِ تعلیم کی جانب سےان شہروں کے سکولوں میں تعطیل کااعلان کردیا جاتا تھا۔
دوسری جانب عربی نیوز ویب سائٹ عاجل سے گفتگو کرتے ہوئے ہلال الاحمر کے ترجمان عبداللہ ابو زید نے کہا، ’خراب موسم کے پیشِ نظر وہ افراد جنہیں گرد وغبار سے الرجی ہے وہ خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہلال الاحمر کے نمبر 997 پر رابطہ کریں تاکہ فوری امداد روانہ کی جاسکے۔‘
ابو زید نے مزید کہا, ’شہری اورمقیمین امدادی ٹیموں کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالیں ۔ شاہراہوں پرامدادی ٹیم کے لیے راستہ دیں کہ وہ جلد از جلد موقع پر پہنچ سکیں۔ متاثرہ مقامات پر ہجوم بنانے سے بھی گریز کریں تاکہ امدادی کارروائی متاثر نہ ہو۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں