Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ ماہ تیل کی پیداوار12ملین بیرل یومیہ 

سعودی آرامکو کے اعلیٰ اہلکار کے مطابق رواں سال نومبر کے آخر میں تیل کی پیداوار 12 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ جائے گی۔
سعودی آرامکو کے سی ای او امین ناصر نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک تیل کی پیداوار 11.3ملین بیرل یومیہ متوقع ہے جسے مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نومبر 2019 کے اختتام تک تیل کی مقررہ حد ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل یومیہ ہو کر بلند ترین پیداواری سطح پر پہنچ جائے گی۔ 
عرب نیوز کے مطابق امین ناصر نے مزید کہا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پررواں برس 14ستمبر کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بین الاقوامی سطح پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیاجو باعث تشویش ہے۔


14 ستمبر کو ابقیق اور خریص پلانٹ پر حملوں کے بعد تیل کی پیداوار متاثر ہوئی تھی (فوٹو:اے ایف پی)

لندن میں آئل اینڈ منی کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین ناصر نے کہا کہ ایسے دہشت گرد حملوں کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر کوئی ٹھوس اقدام نہ اٹھایا گیا تو اس سے حملہ آوروں کی حوصلہ افزائی ہو سکتی ہے۔ا
انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عالمی عدم توجہ کے باعث دنیا بھرمیں توانائی کی تنصیبات کے لیے خطرے کاامکانات بڑھ گئے ہیں۔ 
سعودی آرامکو کے پیداواری یونٹ پر گذشتہ دنوں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے باوجود تیل کی فراہمی میں رکاؤٹ نہیں آنے دی گئی اور اکتوبر کے مہینے میں 9 کروڑ 90 لاکھ ملین بیرل یومیہ تیل کی پیداوار جاری رہی جس سے منصوبہ بندی کے مطابق صارفین کو تیل کی فراہمی ہوتی رہی ہے۔
خیال رہے کہ 14 ستمبر کو ابقیق اور خریص پلانٹ پر حملوں کے بعد تیل کی پیداوار متاثر ہوئی تھی اور اس حملے کا ذمہ دار  امریکہ اور سعودی عرب نے ایران کو ٹھہرایا تھا۔
 سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ 14 ستمبر کو آرامکو کی تیل تنصیبات پر کیے جانے وا لا حملہ جنگی جرم ہے جو ایران کی جانب سے کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: