جانوروں میں وبائی امراض کی رپورٹ نہ کرنے پر 10لاکھ ریال جرمانہ
جانوروں میں وبائی امراض کی رپورٹ نہ کرنے پر 10لاکھ ریال جرمانہ
جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:57
وزارت نے جانوروں کی سلامتی کا شعور بیدار کرنے کے لیے مہم چلائی ہے۔ فائل فوٹو
سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت پورے ملک میں جانوروں کی سلامتی کا شعور بیدار کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہے۔ جانوروں کے ساتھ لاپروائی برتنے کا سلسلہ ختم کرانے کے لیے کوشاں ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے خبردار کیا ہے کہ جانوروں میں وبائی یا متعدی امراض کی فوری رپورٹ قانوناً لازمی ہے۔ اگر کسی نے رپورٹ نہ کی تو اس پر 10لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔
وزارت ماحولیات نے توجہ دلائی ہے کہ جانوروں سے متعلق قانون کی دفعہ10 میں واضح کیا گیا ہے کہ جانوروں میں وبائی یا متعدی امراض کا شبہ ہونے پر 24گھنٹے کے اندر وزارت کو مطلع کرنا ہوگا۔ بیمار جانور کو صحت مند جانوروں سے الگ رکھنا پڑے گا۔ ایسے جانور فروخت کرنا ، ذبح کرنا یا ان کا دودھ یا گوشت فروخت کرنا منع ہے۔ یہ پابندی متعدی امراض میں مبتلا زندہ ، مردہ یا ذبح شدہ ہر طرح کے جانوروں پر لاگو ہوگی۔
وزارت کا کہناہے کہ جی سی سی ممالک میں جانوروں کے ڈاکٹروں کے لیے مقررہ قانون کی دفعہ 9میں یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ ڈاکٹر کو جونہی کسی جانورکے متعدی یا وبائی مرض میں مبتلا ہونے کا علم ہو فوراً ہی وزارت کو اس سے مطلع کردے وگرنہ اس پر 10لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ میں اس کی تشہیر ہوگی اور پیداواری پروجیکٹ کی اس کوتاہی کی تشہیر کی جائے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں