Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا کراچی میں گدھے کا گوشت کھلایا گیا؟

کینٹونمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کو ناقص صفائی پر سیل کیا گیا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
سندھ فوڈ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس خبر کی تردید کی ہے کہ اس نے ڈیفنس فیز 2 کراچی میں واقع مشہور ریستوران کو مضرِ صحت اور حرام جانوروں کا گوشت کھلانے پر سیل کر دیا ہے، اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے ایسی کسی بھی کارروائی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبر گرم تھی کہ ڈیفنس فیز ٹو کے ریستوران میں لوگوں کو گدھوں، بلیوں اور مضر صحت گوشت کھلایا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے اس پر ایکشن لیتے ہوئے اس ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز (ڈسٹرکٹ ساؤتھ) طارق احمد قریشی نے کہا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں اور ان کی جانب سے اس ریستوران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، فوٹو: وکی پیڈیا

انہوں نے واضح کیا کہ ’کینٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے اس ریستوران کے خلاف ایکشن لیا ہے، لیکن اس کی وجوہات سوشل میڈیا پر بیان کی جانے والی وجوہات سے مختلف ہیں۔‘
دوسری جانب کینٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ’ریستوران کو گندگی اور کچن میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے سیل کیا گیا ہے۔‘
پاکستان کنزیومر رائٹس کونسل کے سربراہ شکیل بیگ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تائید کی کہ ریستوران کو صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے سیل کیا گیا ہے جبکہ گدھے یا بلی کا گوشت کھلائے جانے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔

 

شکیل بیگ کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ڈیفنس میں بدر کمرشل پر واقع ریستوران کو بھی کینٹونمنٹ بورڈ نے سیل کیا تھا جبکہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایسا سندھ فوڈ اتھارٹی نے کیا ہے اور وہاں بھی حرام گوشت کھلایا جا رہا ہے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ان دونوں ریسٹورنٹس کے خلاف کاروائیوں سے لاتعلقی ظاہر کی گئی ہے۔
اردو نیوز نے ریسٹورنٹ سیل ہونے کے معاملے پر ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کا موقف جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی لیکن اس کا موقف نہیں مل سکا۔

کنزیومر رائٹس کونسل کے مطابق ریسٹورنٹ میں حرام جانوروں کا گوشت کھلانے کی خبر جھوٹی ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور میں ایک رکشے سے مینڈکیں برآمد ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی تھی اور گمان ظاہر کیا جا رہا تھا کے لاہوریوں کو گدھوں کے بعد مینڈکوں کا گوشت کھلایا جا رہا ہے، تاہم جب اردو نیوز نے اس حوالے سے تحقیق کی تو یہ خبر غلط ثابت ہوئی تھی۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر:

متعلقہ خبریں