Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان مظاہرے: ’سعودی شہری محتاط رہیں‘

ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پرنکل آئی، فوٹو: اے ایف پی
بیروت میں ٹیکسوں کے نفاذ کے اعلان کے باعث ہنگامے پھوٹنے کے بعد وہاں موجود سعودی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مظاہروں کے مقامات سے خود کو دور رکھیں۔ 

سعودی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مظاہروں کے مقامات سے دور رہیں، فوٹو روئٹرز

عرب نیوز کے مطابق بیروت میں سعودی سفارت خانے کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے یہ انتباہی پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں لبنان کی موجودہ سکیورٹی صورت حال کو دیکھتے ہوئے حفاظت کے پیش نظر سعودی شہریوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
سعودی شہریوں کو سفارت خانے سے رابطے کے لیے ہنگامی رابطہ نمبر فراہم کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، فوٹو روئٹرز

دوسری جانب مصر کے سفارت خانے کی جانب سے بھی لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو مظاہروں والے علاقوں میں جانے سے گریز کا کہا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نقل و حرکت محدود کرنے اور لبنان کی حکومت سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

کویت کے سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، فوٹو: روئٹرز

دریں اثناء لبنان میں موجود کویت کے سفارت خانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو کہا گیا ہے کہ لبنان کا سفر کرنے کے خواہش مند کویتی شہری لبنان میں جاری احتجاج اور بدامنی کے خاتمے تک سفر کے لیے انتظار کریں۔ لبنان میں موجود کویتی شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ پوری طرح سے احتیاط برتیں اور ہجوم سے دور رہیں۔

بیروت کی سڑکوں پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرے کیے، فوٹو: روئٹرز

واضح رہے کہ جمعرات کو لبنان کی حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کے نفاذ کا اعلان کیا گیا تھا جس کے خلاف عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پرنکل آئی ہے اور پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جمعہ کے روز بھی بیروت کی سڑکوں پر مظاہرین نے مختلف جگہوں پر ٹائر جلا کر مظاہرے کیے اور معاشی بحران پر حکومت سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: