Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کی فلم ’دبنگ تھری‘ کا ٹریلر جاری

دبنگ تھری دبنگ سیریز کی پہلے دو فلموں دبنگ ون اور ٹو کا سیکوئل ہے، فوٹو: اے اپف پی
بالی وڈ سٹار سلمان خان کی نئی فلم ’دبنگ تھری‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
دبنگ تھری  دبنگ سیریز کی پہلے دو فلموں دبنگ ون اور ٹو  کا سیکوئل ہے۔
 فلم ایک چھوٹے گاؤں کے پولیس انسپکٹر سے متعلق ہے جو کہ رابن ہڈ کے جذبے سے سرشار ہیں۔

دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی، فوٹو: ہندوستان ٹائمز

ٹریلر کی ریلیز کی تقریب میں سلمان خان کے ساتھ فلم کے ڈائریکٹر پرابھودیوا، سلمان کی ساتھی سٹار سوناکشی سنہا اور سائیں منجریکر نے شرکت کی۔
سلمان خان کے علاوہ دبنگ تھری میں سوناکشی سنہا، فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی سائیں منجریکر، سندیپ، مہیش منجریکر، ارباز خان، پرمود کھنہ، ڈمپل کپاڈیا اور ماہی گل اپنے اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔  
دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی ڈائریکشن انوبھاؤ کشیپ نے دی تھی۔ یہ فلم  سپرہٹ ہوئی تھی۔
دبنگ سیریز کی دوسری فلم 2012 میں ریلیز ہوئی جس کی ہدایات سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے دی تھیں۔ دبنگ ٹو دبنگ ون سے بھی زیادہ کامیاب ثابت ہوئی۔
دبنگ تھری کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ انسپکٹر چلبل پانڈے کی اصل کہانی کے بارے میں ہو گی اور سلمان خان کی حالیہ فلم ’بھارت‘ کی طرح اس میں بھی سلمان نوجوان روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم میں سلمان کا سامنا سندیپ سے ہو گا جو کہ ولن کا کردار نبھا رہے ہیں۔

دبنگ تھری کے ٹریلر کی ریلیز کی خصوصی تقریب ممبئی میں ہوئی، فوٹو: اے ایف پی

دبنگ تھری کے جاری ٹریلر میں سلمان خان کی بطور چلبل پانڈے واپسی ہوئی ہے۔
 ٹریلر میں سلمان خان بہت ہی متاثر کن انداز میں اینٹری دیتے ہیں اور اپنا تعارف ’پولیس والا غنڈہ‘ کے طور پر کراتے ہیں۔ سوناکشی سنہا کی واپسی ’مسز پاجو‘ کے طور پر ہوتی ہے۔ ٹریلر میں مہیش منجریکر کی بیٹی سائیں منجریکر کا تعارف سلمان خان کی سابقہ محبوبہ کے طور پر ہوتا ہے۔
 ٹریلر میں دوہری محبت کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ بظاہر چلبل پانڈے کی پہلی گرل فرینڈ کا قتل ہوتا ہے اور یہ ہی ان کے پولیس فورس میں شمولیت کا سبب بنتا ہے۔

 

جب بعد میں ولن چلبل پانڈے کی زندگی میں آتا ہے تو وہ ان سے انتقام لینے کا حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔  دبنگ تھری کے ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے سلمان خان نے ٹویٹ کی ہے کہ ’ یہ یہاں ہے، پلیز اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر’دبنگ تھری‘ کے اس تین منٹ کے دورانیے کے ٹریلر کو دیکھیں۔‘
دبنگ  تھری کے ٹریلر کی ریلیز کے دوران سلمان خان فین کلب کے 50 ارکان نے بالی وڈ سٹار کو چلبل پانڈے کی طرح لباس پہن کر خراج تحسین پیش کیا۔
دبنگ تھری  کے ٹریلر کی ریلیز کی خصوصی تقریبات ممبئی کے علاوہ چنئی،  بینگلور، حیدرآباد، دہلی، جے پور، احمد آباد، اندور اور لکھنئو میں بھی منعقد ہوئیں۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: