ریاض ڈپلومیٹک کوارٹرز میں تجارتی و تفریحی کمپلیکس کا قیام
ریاض ڈپلومیٹک کوارٹرز میں تجارتی و تفریحی کمپلیکس کا قیام
جمعرات 24 اکتوبر 2019 22:15
کمپلیکس جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ہے۔ فائل فوٹو
سعودی حکومت ریاض کے شمال مغرب میں ڈپلومیٹک زون قائم کئے ہوئے ہے۔ اسے سفارتخانوں کا محلہ بھی کہاجاتا ہے ۔ یہ جدید ترین سہولتوں سے آراستہ، پرآسائش علاقہ ہے۔
اخبار 24کے مطابق ڈپلومیٹک کوارٹر جنرل اتھارٹی نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ سفارتخانوں کے محلے میں شاندار تجارتی اور تفریحی کمپلیکس قائم کرے گی۔اس مقصد کے لیے ایک اسپیشلسٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا گیا۔
اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد بن مشیط نے بتایا ہے کہ کمپلیکس 38ہزار مربع میٹرکے رقبے پر بنایا جائے گا۔ اس کا مقصد سفارتخانوں کے محلے میں پرآسائش زندگی کے تقاضے پورے کرنا ہے۔
فہد بن مشیط کا کہناہے کہ کمپلیکس کا ڈیزائن منفرد طرز کا ہوگا۔ یہ نہایت اعلیٰ معیارکا آئینہ دار ہوگا۔ یہ سفارتخانوں کے محلے میں کثیر ثقافتی مزاج سے ہم آہنگ ہوگا۔ یہاں سینما گھر ، جھیلیں اور متعدد سرگرمیوں کے لیے سہولتیں مہیا ہوں گی۔
ڈپلومیٹک کوارٹر جنرل اتھارٹی سفارتخانوں کے محلے کو اعلیٰ معیار کا پرآسائش شہر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہاں دنیا بھر کی ثقافتوں کی آئینہ دار سرگرمیاں منعقد ہوا کریں گی۔
ڈپلومیٹک کوارٹر 8 مربع کلو میٹر کے رقبے پر بنا ہواہے۔ اس کے مغرب میں مشہور وادی حنیفہ، مشرق اور جنوب میں صلبوخ اور مکہ شاہراہیں واقع ہیں۔یہاں ریاض ڈیولپمنٹ اتھارٹی، محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ جیسی اہم سرکاری عمارتیں اور اقوام متحدہ سمیت متعدد علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر کھلے ہوئے ہیں۔
ڈپلومیٹک کوارٹرز کے قیام کاپروگرام 25نومبر 1975ءکو اس وقت بنایا گیا تھا جب دفتر خارجہ اور سفارتی مشن جدہ شہر سے ریاض منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔
ڈپلومیٹک کوارٹرز کے قیام کی شروعات 1978ءمیں ہوئی تھی۔ یہ منصوبہ 1982ءمیں مکمل ہوا تھا۔
یہاں شاہراہوں کے اطراف سفارتخانے بنے ہوئے ہیں۔اس کا 22.2فیصد رقبہ رہائش، 14فیصد سفارتخانوں اور سفراءکے مکانات اور 10.6فیصد خدمات عامہ کے لیے مختص ہے۔ 5.7فیصد تجارتی سرگرمیوں اور 16.6فیصد سڑکوں اورشاہراہوں کے لیے مخصوص ہے جبکہ اس کا 30فیصد حصہ پارکوں، سبزہ زاروں، تفریح گاہوں اور کھلے میدانوں کے لیے مختص ہے۔
یہاں 16پارک بنائے گئے ہیں۔پیدل چلنے والوں کے لیے 166000مربع میٹر رقبہ متعین ہے۔یہاں بچوں کی نرسری کے لیے 10عمارتیں، 2پرائمری، 2مڈل اور 2ثانوی اسکول ہیں جبکہ 86830مربع میٹر کے رقبے پر انٹرنیشنل اسکولوں کا کمپلیکس قائم کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں