بھارتی باکسر سے مقابلہ ہو جائے تو جوش اور بھی زیادہ ہوگا۔ فوٹو۔ٹوئٹر
پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ابھرتے ہوئے پاکستانی باکسر عثمان وزیر کے تیسرے انٹرنیشنل مقابلے کا اعلان کر دیاہے۔عامر خان نے کہا ہے کہ باکسر عثمان وزیر کی تیسری ورلڈ رینکنگ فائٹ 22 نومبر کو دبئی ہوگی۔ عثمان وزیر کے حریف باکسر کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
آن لائن نیوز کے مطابق نامور باکسر عامر خان نے کہا کہ عثمان وزیر کا مدمقابل روایتی حریف انڈیا، تھائی لینڈ، فلپائن یا یورپ سے ہوگا۔ عثمان وزیر اپنی فائٹ کے لیے اسلام آباد کی عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔
عامر خان نے مزید کہا کہ عثمان وزیر میں باکسنگ کا زبردست ٹیلنٹ ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ اپنی تیسری فائٹ بھی جیتے گا۔باکسر عثمان وزیر نے اس ضمن میں کہا ہے کہ عامر خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری تیسری ورلڈ رنگ فائٹ کا اہتمام کیا ہے۔
بہت سے باکسر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تھائی لینڈ یا انگلستان کے باکسرز میں سے بھارتی باکسر سے مقابلہ ہو جائے تو جوش اور بھی زیادہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ باکسر عامر خان نے میری ہر لحاظ سے مدد کی ہے۔دو نومبر سے دبئی میں فائٹ کے لیے خصوصی ٹریننگ کا آغاز کرونگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج تک ورلڈ یوتھ ٹائٹل نہیں جیتا۔ ملک کے لیے WBCورلڈ یوتھ ٹائٹل میرا خواب ہے، مزید تین ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت کر ورلڈ یوتھ ٹائٹل کے لیے اہل ہوجاونگا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں