گھریلو ملازمہ کا بزنس کارڈ جس نے نوکریوں کی بھرمار کر دی
گھریلو ملازمہ کا بزنس کارڈ جس نے نوکریوں کی بھرمار کر دی
جمعہ 8 نومبر 2019 18:43
ابتدائی طور پر گیتا کے 100 بزنس کارڈ چھپوائے گئے تھے۔
انڈیا کے شہر پونے میں لوگوں کے گھروں میں کام کرنے والی گیتا کلے نامی ایک ملازمہ کو آج کل ملک کے کونے کونے سے نوکری کی پیشکش ہو رہی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا گیتا کا وہ بزنس کارڈ ہے جو ان کے ایک آجر نے ان کے لیے بنایا ڈیزائن کیا ہے۔
گیتا اور ان کے آجر دھناشری شنڈے کی کہانی اور گیتا کا بزنس کارڈ اسمیتا جاودکر نامی ایک فیس بک صارف نے دو دن قبل اپنی وال پر شیئر کیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اسمیتا نے بتایا کہ دھناشری ایک دن دفتر سے گھر واپس آئے تو انھوں نے دیکھا کہ ان کی ملازمہ گیتا کلے افسردہ تھیں کیونکہ ایک گھر سے ان کی ملازمت ختم گئی تھی جس کی وجہ سے انہیں ماہانہ چار ہزار روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑنا تھا۔
دھناشری جو ایک نجی کمپنی میں برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے سنیئر منیجر ہیں نے فیصلہ کیا کہ وہ گیتا کا بزنس کارڈ بنائیں گے جس سے گیتا کو ملازمت تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔
اسمیتا کے بقول دھناشری نے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ایک بزنس کارڈ ڈیزائن کیا اور 100 کارڈ چھپوا دیے۔
گیتا، پونے کے گنجان آباد علاقے بودھان کی رہنے والی ہیں۔ ان کے کارڈ پر لکھا ہے کہ ’گھر کام ماسی ان بودھان‘ یعنی اگر آپ کے گھر میں کام ہے تو اس کے لیے بودھان میں ماسی حاضر ہیں۔
ان نیلے اور سبز کارڈ پر مختلف کاموں کی مزدوری بھی درج ہے۔ مثلاً گیتا کپڑے دھونے کے لیے ماہانہ 800 روپے وصول کریں گی۔
اسمیتا کے مطابق یہ کارڈ مقامی سکیورٹی کارڈ کی مدد سے محلے میں تقسیم کیے گئے جس کے بعد ایک غیر یقینی ردعمل سامنے آیا۔ ’بزنس کارڈ کے سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد سے اب تک گیتا کا فون مسلسل بج رہا ہے۔ انڈیا کے ہر کونے سے انہیں نوکری کی پیشکش ہو رہی ہے۔‘
فیس بک پر شیئر کی جانے والی گیتا کلے کی کہانی کو بھی اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد لوگوں نے لائک کیا ہے جبکہ سینکڑوں لوگ اس کہانی اور گیتا کے بزنس کارڈ کو اپنی وال پر شیئر کر رہے ہیں۔