Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

27 گولز سے شکست کیوں دی، کوچ برطرف

کوچ کو مخالف ٹیم کو ’ہتک آمیز‘ شکست دینے پر ہٹایا گیا ہے (فوٹو: الامے)
دنیا بھر میں کسی بھی کھیل میں ٹیم کے منیجزر یا کوچز کی چھٹی اس وقت کی جاتی ہے جب ٹیم کی پرفارمنس خراب ہو اور وہ مد مقابل ٹیم سے بری طرح سے شکست کھائے۔
تاہم اٹلی میں ایک فٹ بال ٹیم کے کوچ کو اس لیے اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے کیونکہ ان کی ٹیم نے اپنی مدمقابل ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 27 گولز سے شکست دے دی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی کی جونیئر لیگ کی ایک ٹیم کے کوچ کو اس وقت عہدے سے ہٹایا گیا جب ان کی ٹیم نے مخالف ٹیم کے خلاف 27 گول کیے مگر مخالف ٹیم ایک بھی گول نہ کر سکی۔
رپورٹ کے مطابق کوچ کو ہٹانے کی وجہ مخالف ٹیم کو ’ہتک آمیز‘ طریقے سے شکست دینا ہے۔
اٹلی کے شہر ٹسکنی کی ٹیم انوسٹاسارو کے صدر پاؤلو بروگیلی نے اپنی ٹیم کی مخالف ٹیم کے خلاف جیت کو ’ہتک آمیز‘ قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے۔
بروگیلی کا بیان سنیچر کو اطالوی پریس نے جاری کیا ہے۔
اس بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ’اس میچ کے سکور کے متعلق جان کر ہمیں حیرت اور افسوس ہوا جس میں ہماری ٹیم نے مخالف ٹیم کے خلاف 27 گولز سکور کیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یوتھ فٹ بال کی قدریں اس چیز سے مختلف اور متضاد ہیں۔‘

ٹیم کے صدر نے کہا کہ ’آج میچ کا سکور جان کر ہمیں حیرت اور افسوس ہوا‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

ان کے بقول ’مخالفین کی ہمیشہ عزت کرنی چاہیے لیکن آج یہ نہیں ہوا۔ بطور صدر میں ماریانہ کی ٹیم سے معافی مانگتا ہوں۔ ہمارے بورڈ نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ کوچ مسٹر ریسینی کو برطرف کیا جائے۔‘
’ہمارے کوچز کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ٹریننگ دیں اور ان کی  تربیت کریں لیکن آج اس کا مظاہرہ نہیں ہوا۔‘
 

شیئر: