Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شناختی کارڈ نہ بنوانے والی خواتین کو تنبیہ

حکام کے مطابق شناختی کارڈ نہ بنوانے والی خواتین کو کوئی سہولت نہیں دی جائے گی، فوٹو: عکاظ اخبار
محکمہ سول افیئرز( احوال المدنیہ ) نے 18 برس یا اس سے زائد عمر کی سعودی خواتین کو 35 دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران اپنا شناختی کارڈ جاری کروالیں۔
مقررہ مدت کے بعد ان خواتین کے تمام سرکاری معاملات سیز کر دیے جائیں گے جو شناختی کارڈ حاصل نہیں کریں گی۔ محکمہ سول افیئرز کی جانب سے سعودی کابینہ کی جانب سے کیے گئے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مملکت بھر میں تمام بلدیاتی کونسلز، ذیلی اداروں اوردیہاتوں میں قبیلوں کے سربراہوں کو حتمی تاریخ سے مطلع کر دیا گیا ہے۔

ادارہ سول افیئرز کی جانب سے شناختی کارڈ کے لیے موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، فوٹو: الریاض اخبار

مقامی روزنامہ عکاظ کے مطابق جاری کی جانے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ’مملکت میں 18 برس یا  زائد عمر کی تمام خواتین کے لیے قومی شناختی کارڈ حاصل کرنا لازمی ہے، مقررہ مدت کے دوران خواتین شناختی کارڈ حاصل کر لیں بصورت دیگر ان کے سرکاری معاملات سیز کرنے کے علاوہ انہیں سرکاری اور نجی ادروں میں بھی کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔‘
دوسری جانب وزارت تعلیم نے بھی تمام ذیلی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ طالبات کے شناختی کارڈ کی نقول جمع کریں اور ایسی طالبات جنہوں نے ابھی تک شناختی کارڈ حاصل نہیں کیے انہیں چاہیے کہ وہ 13  جمادی الاول 1441 ہجری تک اپنے شناختی کاررڈ بنوا لیں۔
دوسری جانب ادارہ شہری امور( احوال المدنیہ ) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت کی تمام شاخوں میں خواتین کے لیے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے خصوصی طور پر دو شفٹوں میں کام جاری ہے۔ اس دوران خواتین ادارے کے دفاتر سے رجوع کر کے اپنے لیے شناختی کارڈ حاصل کر سکتی ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ شعبہ خواتین کی جانب سے مملکت کی مختلف جامعات، کالجوں کے علاوہ سکولوں میں بھی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے موبائل ٹیموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 
اس ضمن میں محکمہ احوال المدینہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر شناختی کارڈ بنانے کے لیے مہم شروع کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں خواتین کو متعلقہ سہولت فراہم کی جائے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: