ایرانی حاجیوں سے متعلق کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فوٹو: ایس پی اے
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ایران کی حج و زیارت تنظیم کے ساتھ اتوار کو نئے حج موسم کے انتظامات سے متعلق معاہدے پر دستخط کردیے۔
ایران سے آنے والے حاجیو ں او رسعودی عرب میں پیش کی جانے والی خدمات کی بابت تفصیلات طے کی گئیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن سے ایرانی تنظیم برائے حج و زیارت کے سربراہ ڈاکٹر علی رضا رشیدیان نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط اور وزارت کے کئی عہدیدار بھی موجود تھے۔
ایرانی حاجیوں سے متعلق کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئندہ حج موسم کے دوران ایرانی حاجیو ں کے لیے انتظامات اور تیاریوں پر بات چیت کے لیے رسمی اجلاس بھی ہوا ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حکومت دنیا کے ہر علاقے سے آنے والے عازمین کو سہولتیں فراہم کرنے اور زائرین کے لیے تمام انتظامات میں آسانیاں پیدا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا ’ سعودی وزارت حج و عمرہ نے ا س سال حج موسم کے لیے ایرانی حاجیو ںکے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے ۔ سعودی عرب ،حرمین شریفین کی سرزمین میں ہر ملک ، ہر قوم ، ہر فرقے اور ہر مسلک کے حاجیوں کو خوش آمدید کہتا ہے‘۔
ایرانی تنظیم برائے حج و عمرہ کے سربراہ نے اس خواہش کا اظہارکیا کہ گزشتہ برسوں کی طرح آئندہ برس کا حج بھی کامیاب رہے گا۔