Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'سیفٹی اینڈ ہیلتھ' میں مرحلہ وار سعودائزیشن

مقررہ شعبوں میں سعودائزیشن کا عمل 5 مراحل میں مکمل کیاجائے گا ۔ فوٹو ، سوشل میڈیا
وزیر محنت و سماجی بہبود آبادی انجینئر احمد الراجحی نے سیفٹی اینڈ ہیلتھ آفیسرز کے شعبے میں مرحلہ وار سعودائزیشن کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سعودائزیشن کا عمل 5 مراحل پر مشتمل ہو گا، پہلے مرحلے کا آغازیکم اپریل 2020 سے کیاجائے گا۔
سیفٹی اینڈ ہیلتھ آفیسر کے شعبے میں سعودائزیشن کا عمل ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ 'ھدف' کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے فنڈ کو تمام ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے جمعرات کو وزیر محنت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے جاری احکامات کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ مملکت میں قائم صنعتی شعبوں اور دیگر اداروں میں سیفٹی اینڈ ہیلتھ آفیسرز اور کارکنان سعودی متعین کیے جائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ شعبوں میں سعودی مرد اور خواتین کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ سیفٹی کے شعبے میں کام کرنے والے سعودی کارکنوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا بھی کمپنی انتظامیہ کی ذمہ داری ہو گی۔

تعمیرات اور دیگر شعبوں میں سیفٹی اینڈ ہیلتھ آفیسرز سعودی ہوں گے۔ فوٹو: مڈ ل ایسٹ آن لائن

صنعتی اور دیگر شعبوں کی کمپنیوں اور اداروں میں متعین کیے جانے والے سیفٹی اینڈ ہیلتھ آفیسرز کو دو کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزارت محنت کی جانب سے جاری بیان میں اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’سیفٹی اور صحت کے شعبے میں‘ تربیت یافتہ اور زیر تربیت کارکنوں کے لیے مختلف کیٹگریز متعین کی جائیں۔ اس ضمن میں وزارت محنت کا کہنا ہے کہ سعودائزیشن کے عمل کویقینی بنانے کے لیے مقررہ شیڈول صنعتی شعبوں اور کمپنیوں کو جاری کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء وزارت محنت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے جاری تفصیلی چارٹ میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی شعبے، پیٹرولیم، قدرتی گیس، بجلی و پانی، امور صحت کے ادارے، کان کنی اور بڑی صنعتوں کے شعبے میں ہر 50 کارکنوں پر ایک سیفٹی اور ہیلتھ آفیسر متعین کیا جائے گا۔
دوسری کیٹگری میں معاشی  و تجارتی شعبے میں کام کرنے والی کمپنیاں اور ادارے شامل ہیں۔ ان اداروں اور کمپنیوں کے لیے ہر100 کارکن پر ایک سیفٹی اینڈ ہیلتھ آفیسر متعین کیا جائے گا۔
مذکورہ شعبوں میں سعودائزیشن کے دوسرے مرحلہ کا آغاز 2 اگست 2020 سے ہو گا، تیسرا مرحلہ 4 اکتوبر 2020، چوتھا مرحلہ یکم جنوری 2021 اور پانچویں مرحلے میں سعودائزیشن کی ڈیڈ لائن یکم جنوری 2022 مقرر کی گئی ہے۔
تمام مراحل کمپنیوں اور اداروں کے حجم کو دیکھ کر وہاں کام کرنے والے کارکنوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے متعین کیے جائیں گے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے شعبوں میں سعودائزیشن تمام اداروں پر لاگو ہو گا جن میں بڑے، درمیانے اور چھوٹے ادارے اور کمپنیاں شامل ہیں۔
تمام اداروں میں سعودائزیشن کے عمل کو مقررہ شیڈول کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گ ۔ 

شیئر: