رزلٹ تبدیل کرنے کے لیے یونیورسٹی سسٹم ہیک کرنے والا گرفتار
رزلٹ تبدیل کرنے کے لیے یونیورسٹی سسٹم ہیک کرنے والا گرفتار
جمعرات 19 دسمبر 2019 20:42
ہیکر کو خصوصی عدالت کے حوالے کردیا گیا۔ فائل فوٹو
کنگ فیصل ای یونیورسٹی کے سسٹم کو ہیک کرنے والا گرفتار کرکے عدالت کے حوالے کردیا گیا۔ ہیکر نے یونیورسٹی کا سسٹم ہیک کرکے طلباءکے رزلٹ میں تبدیلیاں کردی تھیں۔ اس نے بعض الیکٹرانک نجی معلومات سے فائدہ اٹھا کر سسٹم ہیک کیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الدسیمانی نے بتایا کہ ہمارے ادارے کے متعلقہ اہلکاروں نے تحقیقات کرکے اس بات کی تصدیق کرلی تھی کہ انفارمیشن کرائمز کے ایک دلدادہ نے ای یونیورسٹی کے سسٹم کو ہیک کیا۔ یونیورسٹی سے متعلق معلومات دیکھیں۔ طلباءکے رزلٹ تک رسائی حاصل کی اور اس میں ردوبدل کیا۔
الدسیمانی نے بتایا کہ پبلک پراسیکیوشن نے تجزیہ کرکے اس بات کا پتہ لگالیا ہے کہ ہیکر نے ہیکنگ کے لیے کس طرز کا مجرمانہ طریقہ کار اختیار کیا۔ہمارے ماہرین ہیکنگ میں ملوث افراد کا پتہ لگانے کے لیے فوجداری سراغرسانی کے سائنٹفک طور طریقوں سے کام لے رہے ہیں۔
الدسیمانی نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی ای یونیورسٹی کے سسٹم کی ہیکنگ میں استعمال ہونے والے تمام آلات کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ہیکر کو خصوصی عدالت کے حوالے کردیا گیا۔ عدالت سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ اینٹی انفارمیشن کرائم قانون کی روشنی میں اسے مقررہ سزا دے۔ یہ سزا عبرتناک ہے۔ اسے سزا ہوگی تو دوسروں کو بھی عبرت حاصل ہوگی۔
کنگ فیصل یونیورسٹی نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اعلامیہ جاری کرکے اطلاع دی تھی کہ ہیکر نے یونیورسٹی کے رزلٹ سسٹم کو ہیک کرکے 19طلباءو طالبات کا نتیجہ تبدیل کردیا ہے۔