’امریکہ میں زیر تربیت سعودی کیڈٹس سے کوئی خطرہ نہیں‘
’امریکہ میں زیر تربیت سعودی کیڈٹس سے کوئی خطرہ نہیں‘
جمعہ 20 دسمبر 2019 18:01
پینٹاگون نے سعودی کیڈٹس کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد یہ بیان جاری کیا ہے۔ فوٹو:ٹوئٹر
امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے مطابق امریکہ میں زیر تربیت سعودی کیڈٹس سے کوئی خطرہ نہیں۔ پینٹاگون نے یہ بیان فلوریڈا ایئر سی بیس پر سعودی کیڈٹ کے اس حملے کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے جس میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔
عاجل نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکہ میں سعودی عرب کے 850 کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ امریکی وزارت دفاع نے یہ بیان زیر تعلیم سعودی کیڈٹس کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد جاری کیا ہے۔
پینٹاگون میں خفیہ ادارے کے ڈائریکٹر جیری ریڈ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ ایسی کوئی اطلاع نہیں جس سے کسی قریبی خطرے کا کوئی امکان ہو۔‘
امریکی عسکری اداروں کی تحقیقات کے نتائج کی بدولت سعودی ملٹری پائلٹس پر ہوائی جہاز اڑانے پر عائد تربیتی پابندی اٹھالی جائے گی۔ وہ دوبارہ معمول کے مطابق امریکہ کے عسکری اداروں میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
سی آئی اے نے اس سے قبل کہا تھا کہ امریکی انسپکٹروں کا خیال ہے کہ 21 سالہ سعودی شہری محمد سعید الشمرانی نے چھ دسمبر کو فلوریڈا کے پینساکولا ایئر سی بیس پر حملہ اپنے طورپر کیا تھا اس کا کوئی شریک نہیں تھا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے فلوریڈا میں پینساکولاایئر سی بیس کے دورے کے دوران سعودی عرب کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ تھا سعودی حکومت ایئر سی بیس میں پیش آنے والے واقعہ سے متعلق تحقیقات میں امریکی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی تھی۔
شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سعودی سکیورٹی اداروں کو ہدایت جاری کی تھی کہ امریکی بحری اڈے میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے امریکی حکام سے بھر پور تعاون کیا جائے۔