سعودی نوجوانوں نےاپنے سفر کا آغاز مکہ مکرمہ سے کیا
سعودی نوجوان محمد الجدعانی اور بلال ابراہیم سائیکل کے ذریعے سعودی عرب کی سیاحت کے لیے نکلے ہیں۔ اپنے سفر کا آغاز مکہ مکرمہ سے کیا۔یہاں سے مدینہ منورہ گئے پھر جازان پہنچے ہیں۔
الوطن اخبار کے مطابق سعودی نوجوانوں نے بتایا ’ ایک دن تمام دوست بیٹھے تھے۔ باتوں باتوں میں یہ چیلنج سامنے آیا کہ سائیکل پر جدہ سے مکہ تک کا سفر چیلنجنگ ہے۔ دوستوں کے سامنے یہ عزم کرلیا کہ یہ کام کرکے دکھانا ہے‘۔
’ ہم نے پانچ گھنٹے کے اندر مکہ تک کا سفرکیا۔ ایک گھنٹے میں 20 کلو میٹر کا سفر طے کرتے رہے‘۔
سعودی نوجوانوں کا کہناہے کہ مدینہ منورہ کا سفر چار دن میں طے کیا۔تیسرا سفر جدہ سے جازان کا تھا۔ یہ آٹھ دن میں پورا کیا۔ 802 کلو میٹر سائیکل چلائی ہے۔
سعودی نوجوانوں نے مزید کہا’ جازان سے جدہ واپس آرہے ہیں۔ آئندہ تعطیلات میں چوتھا سفر شروع کریںگے۔ اس سفر نے خود اعتمادی دی ہے۔ سعودی عرب کے شہروں کو بھی قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ سب سے اچھی بات یہ ہوئی کہ اس سفر کی بدولت اپنے اندر نئی توانائی محسوس کررہے ہیں‘۔
’ سفر کے دوران دشواریاں بھی پیش آئیں ۔ جب یہ سوچاکہ ماضی قدیم میں ہمارے بزرگ یہ سارے فاصلے پیدل یا اونٹوں پر طے کیا کرتے تھے اور وہ نہ جانے کتنی دشواریوں سے گزرتے ہوں گے۔ یہ سوچ کر ہمیں صبر آگیا۔
نوجوانوں کا کہنا تھا کہ دنیا کی جدید سہولتوں نے فاصلے سمیٹ دیے ہیں۔ ماضی میں یہ سفر ہفتوں او رمہینوں میں طے ہوتا تھا۔
سعودی نوجوانوں کی سائیکلیں جدید لائٹس سے آراستہ ہیں۔ابتدائی طبی امداد کاسامان اور سائیکل کے ضروری سپیئر پارٹس بھی ساتھ لے کر چلتے ہیں۔نئے شہر پہنچ کر اگلی منزل کے لیے منصوبہ بندی کرتے ہیں۔