Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت کا ’پنگا‘

فلم کے نام کی طرح اس کی پروموشن کے لیے کنگنا نے منفرد انداز اپنایا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
بالی وڈ کی ’کوئین‘ کنگنا رناوت کبھی ہریتک روشن پر گرجتی نظر آتی ہیں تو کبھی ہدایتکار کرن جوہر کو کھری کھری سناتی دکھائی دیتی ہیں۔ بلکہ کچھ ماہ قبل تو انہوں نے ایک صحافی کو بھی اپنی پریس کانفرنس کے دوران خوب لتاڑا تھا۔
لیکن اس بار کنگنا ایک نیا پنگا لے بیٹھی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پنگا انہوں نے فلم انڈسٹری کی کسی سلیبریٹی کے ساتھ نہیں لیا بلکہ یہ ان کی نئی فلم کا نام ہے جس کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے۔
 
فلم کے نام کی طرح اس کی پروموشن کے لیے کنگنا اور ان کی ٹیم نے ایک بڑا ہی دلچسپ اور منفرد انداز اپنایا ہے۔
کنگنا کو چتراپتی شیوا جی ریلوے سٹیشن پر لوگوں کو ٹکٹ دیتے دیکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنگنا شلوار قمیض میں ملبوس، گھنگریالے بالوں کو سلیقے سے باندھے مسافروں کو ٹکٹس دے رہی ہیں۔
اب آپ حیران ہورہے ہوں گے کہ ریلوے سٹیشن پر ٹکٹس دینے کا فلم کی تشہیر سے کیا تعلق ہے؟ تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ فلم پنگا میں کنگنا ایک ریلوے میں ملازمت کرنے والی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں۔
 
کنگنا کا یہ انداز ان کے مداحوں کو خوب بھایا ہے اور وہ ابھی سے اس فلم کے ریلیز ہونے کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔
فلم آئندہ سال 24 جنوری کو ریلیز ہوگی، اس فلم میں کنگنا کے علاوہ جسی گل، رچاچڈھا اور نینا گپتا بھی نظر آئیں گی۔

شیئر: