سعودی کابینہ: ’او آئی سی آج بھی اہم ہے اور کل بھی رہے گی‘
سعودی کابینہ: ’او آئی سی آج بھی اہم ہے اور کل بھی رہے گی‘
منگل 24 دسمبر 2019 18:54
شاہ سلمان نے ریاض کے قصر یمامہ میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ہے۔ فوٹو: ایس پی اے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام وزراور اعلیٰ عہدیداروں کو قومی بجٹ 2020 کے منصوبے احسن شکل میں نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شاہ سلمان منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کل بھی اہم تھی، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
سعودی کابینہ کے مطابق’ اسلامی تعاون تنظیم 1969میں اپنے قیام کے روز اول سے تاحال مشترکہ اسلامی جدوجہد کامرکزی پلیٹ فارم ہے۔ یہ مشترکہ اسلامی جدوجہد کی تقویت اور استحکام کے لیے انتھک محنت کررہی ہے۔ یہ امت مسلمہ کی مشترکہ آواز ہے
‘۔’ سعودی عرب کو او آئی سی کے صدر دفتر کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔ مملکت کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ رکن ممالک اور جنرل سیکریٹریٹ کے ساتھ او آئی سی کی مدد کی پالیسی پرگامزن ہے۔ یہ سب کچھ امت مسلمہ کی امنگوں اور آرزﺅں کی تکمیل کے لیے کیا جارہا ہے‘۔
شاہ سلمان نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اقتصادی اصلاحات کا سلسلہ پوری قوت سے جاری رکھا جائے گا ۔ سعودی وژن 2030 کے اہداف کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
شاہ سلمان نے کابینہ کو امریکی صدر ٹرمپ ، بحرینی فرمانروا شاہ حمد ، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، یورپی کمشنری کی سربراہ کے ساتھ اپنے ٹیلیفونک رابطوں جبکہ کرغیزستان کے صدر اور مصری صدر کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔
سعودی کابینہ نے قومی بجٹ کے اعلان کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اس بیان کو سراہا جس میں انہوں نے یقین دلایا تھا کہ سعودی عرب پیداواری وسائل میں تنوع پیدا کرنے پائدار مالیاتی ذرائع کی حفاظت کرنے اور اقتصادی اصلاحات نیز ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔
سعودی کابینہ نے 2020 کے اختتام تک مہنگائی الاﺅنس برقرار رکھنے سے متعلق خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر قدرومنزلت کا اظہار کیا۔
وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ میں علاقائی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔
کابینہ نے الجزائر کے صدارتی انتخاب میں کامیابی پر عبدالمجید تبون کو مبارکباد دی اور برادر ملک الجزائر کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کابینہ نے متعدد فیصلے کیے ہیں ۔ وزیر خارجہ کو امارات کے ساتھ سفارتی تعاون کے معاہدے ، وزیراسلامی امور کو مالی کے ساتھ اسلامی امور میں تعاون کے معاہدے کے اختیارات تفویض کیے ۔
کابینہ نے چین کے ساتھ رکاوٹوں سے آزاد تجارت کی حوصلہ افزائی کے لیے ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت جبکہ جنوبی کوریا کے ساتھ ترقیاتی اسٹراٹیجک ، مطالعات کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کی منظوری دی۔
عراق کے ساتھ جہاز رانی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
نیوزی لینڈ کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا کے کاروبار کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کا اختیار سعودی ایف ڈی اے کے سربراہ اور سیاحت، فضائی نقل و حمل، روایتی صنعت اور سماجی معیشت کے سلسلے میں مراکش کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار سربراہ محکمہ سیاحت و قومی ورثے کو دیا گیا ہے۔
کابینہ نے سیاحت کے شعبے میں انڈیا کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی۔ متعدد محکموں کے لیے اعلیٰ عہدوں پر تقرر اور ترقی کے احکامات بھی جاری کیے۔