پولیس کے مطابق ملزم نے بینک لوٹ کر کافی شاپ کا رخ کیا۔ فوٹو: روئٹرز
امریکہ میں ایک عمر رسیدہ شخص نے بینک سے لوٹی ہوئی رقم کو ہوا میں اچھالتے ہوئے راہگیروں کو میری کرسمس کہا ہے۔
امریکی ریاست کولوراڈو کی پولیس کے مطابق سفید فام بزرگ شہری نے کولوراڈو سپرنگز میں ملازمین کو ایک غیر شناخت شدہ ہتھیار سے دھمکاتے ہوئے اکیڈمی بینک لوٹا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ پیر کو پیش آیا۔
مقامی نیوز چینل ’کے کے ٹی وی‘ سے ایک عینی شاہد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس نے بیگ سے ڈالرز نکال کر ہوا میں اچھالنا شروع کیے اور ساتھ میں کہتا رہا کہ میری کرسمس۔‘
عینی شاہدین کے مطابق قریب گزرتے لوگوں نے زمین پر پڑے ڈالرز بینک کو لوٹا دیے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب بھی ہزاروں ڈالرز غائب ہیں۔
65 سالہ ڈیوڈ وین اولیور کو واقعے کے بعد مشہور کافی شاپ سٹار بکس کے قریب سے پولیس نے گرفتار کیا۔
پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ گرفتاری کے وقت ڈیوڈ وین اولیور سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔