پبلک مقامات پر نامناسب لباس زیب تن کرکے گھومنے پھرنے پر51 افراد کو حراست میں لیا گیا فوٹو:اے ایف پی
سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی شکایات پر ریاض میں 101 افراد کو غیر سماجی سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ریاض پولیس کے ترجمان شاکر بن سلیمان التویجری نے بتایا ہے کہ پبلک مقامات پر نامناسب لباس زیب تن کرکے گھومنے پھرنے پر51 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 29 خواتین بھی ہیں۔
عاجل او رالمرصد ویب سائٹس کے مطابق سماجی تہذیب کے منافی لباس پہن کر پبلک مقامات پر گھومنے پھرنے والی خواتین اور مردوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی
ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ چھیڑ خانی کے الزام میں مزید 50 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، شکایت کرنے والے شہریوں نے پولیس کو اس حوالے سے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں۔
مقامی اخبارات کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں سعودی عرب میں دو طرح کے رجحانات چل رہے ہیں۔ ایک طرف تو بے باک آزادی کی لہر ہے اور دوسری جانب اسے تہذیب کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف آواز بھی اٹھائی جارہی ہے۔