Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن: شرکا کی تعداد 11 ملین سے زیادہ

تفریحی کمیٹی کے تحت 12 مقامات پر آتشبازی اور دیگر پروگرام پیش کیے۔ فوٹو ، عرب نیوز
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے نگران اعلیٰ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن میں آنے والوں کی تعداد 11.5 ملین تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل الشیخ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے مزید کہا کہ ریاض فیسٹول کی کامیابی کا اندازہ اس میں شرکت کرنے والے زائرین کی تعداد کو دیکھ کر بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

میلے کی غیر معمولی مقبولیت کے باعث دورانیہ بڑھایا گیا ۔ فوٹو ، سعودی گزٹ 

تفریحی کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض میں منعقدہ سالانہ میلے میں آنے والوں کی متوقع تعداد 20 ملین تک پہنچ جائے گی۔ مقامی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ ریاض سیزن میں شرکت کرنے کے لیے مملکت اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں سیاح آئے۔
تفریحی میلہ میں امسال غیر معمولی سرگرمیاں پیش کی گئی ہیں جو اس سے قبل کبھی نہیں ہوئی تھیں۔ میلے میں پہلی بار انٹرنیشنل ریسلنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے جبکہ سفاری پارک کے علاوہ ہفتہ وار خوبصورت آتشبازی کے پروگرام اور دیگر دسیوں سرگرمیاں بھی شامل تھیں ۔

ریاض سیز ن میں اندرون اور بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ فوٹو ، عرب نیوز 

واضح رہے ریاض سیزن کا آغاز 11 اکتوبر 2019 کو ہوا تھا جو 15 دسمبر کو ختم ہونا تھا مگر عوامی مقبولیت کے باعث ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر سیزن میں مزید 45 دن کا اضافہ کر دیا گیا۔
سعودی تفریحی کمیٹی کے تحت مملکت کے مختلف شہروں میں میلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کا کہنا تھا کہ شعبہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تفریحی کمیٹی کی سرگرمیاں اہمیت کی حامل ہیں۔ شعبہ تفریحات کو فروغ دینے سے مملکت میں سعودی نوجوانوں کو روزگار کے بے شمار مواقع بھی ملے ہیں۔ 
مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آل الشیخ کا کہنا تھا کہ 2030 تک تفریحی شعبے میں مستقل ملازمتوں کی تعداد بڑھا کر ڈھائی لاکھ تک کر دی جائے گی جس سے نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنے میں کافی سہولت بھی ہو گی۔
واضح رہے ریاض سیزن کے تحت 12 مقامات پر مختلف  تفریحی پروگرام پیش کیے جار ہے ہیں جن میں سرکس، سفاری پارک، آتش بازی اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ 

شیئر: