کئی ایکٹویٹیز ایسی بھی رہیں جن میں گنجائش سے زیادہ افراد آنے کی وجہ سے بند کرنا پڑا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ریاض سیزن میں اب تک ایک لاکھ غیر ملکی سیاح شریک ہوچکے ہیں جبکہ اندرون ملک اور خلیجی ریاستوں سے زائرین کی تعداد 56 لاکھ ہوچکی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض سیزن میں لوگوں کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث ہونے والی بھیڑ سے کئی ایکٹویٹیز ایسی بھی رہیں جن کو گنجائش سے زیادہ افراد آنے کی وجہ سے بند کرنا پڑا۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ریاض سیزن کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ محض شہر کے رہنے والے ہی اس میں دلچسپی نہیں لے رہے بلکہ ملک بھر سے لوگ اس میں شریک ہونے کے لئے ریاض آرہے ہیں۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ریا ض شہر کے تمام ہوٹلز اور فرنشڈ اپارٹمنٹ بک ہوچکے ہیں۔ یہ سب یا تو غیرملکی سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں یا اندرون ملک اور خلیجی ریاستوں سے آنے والے شہری اور غیر ملکی ہیں۔
دوسری طرف آن لائن ادائیگیوں کے سسٹم ’مدی‘ نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض سیزن کے دوران بینک صارفین نے دو لاکھ اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ 3 لاکھ 33 ہزار ٹرانزکشن کی ہے۔
مدی کا کہنا ہے کہ بینک صارفین نے ریاض سیزن کے دوران 156 ملین ریال کی ادائیگیاں کی ہیں۔ ان میں 5 فیصد ادائیگیاں غیر ملکی کریڈٹ کارڈ سے کی گئیں۔