Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب سے زیادہ شکایات کن سرکاری اداروں سے

سب سے زیادہ شکایات 7 سرکاری اداروں کے خلاف درج کرائی گئی ہیں۔ فوٹو: سبق
نیشنل سوسائٹی فار ہیومن رائٹس نے اعلان کیا ہے کہ 19-2018 کے دوران سعودی عرب کے تمام علاقوں سے ملنے والی رپورٹوں میں متاثرین نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سب سے زیادہ شکایات سات سرکاری اداروں کے خلاف درج کرائی ہیں۔ مجموعی طور پر 246 شکایات موصول ہوئیں۔
الوطن اخبار کے مطابق نیشنل سوسائٹی فار ہیومن رائٹس نے رپورٹ جاری کرکے بتایا ہے کہ ’زیادہ تر شکایات وزارت بلدیاتی و دیہی امور، وزار ت تعلیم، وزارت داخلہ، محکمہ احوال مدنیہ، محکمہ صحت، محکمہ پاسپورٹ اور سرکاری ہسپتالوں کے خلاف درج کرائی گئیں۔‘
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’نیشنل سوسائٹی فار ہیومن رائٹس کی شاخوں کو وزارت بلدیات و دیہی امور کے حوالے سے 23 شکایات موصول ہوئیں جبکہ وزارت تعلیم کے خلاف 44 اور وزارت داخلہ کے خلاف بھی شکایات موصول ہوئیں۔‘

محکمہ پاسپورٹ کے خلاف 25 شکایات، احوال مدنیہ کے خلاف 24 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ فوٹو: سبق

رپورٹ میں کہا کہ ’وزارت کے ماتحت محکمہ پاسپورٹ کے خلاف 25 شکایات، احوال مدنیہ کے خلاف 24، محکمہ صحت کے خلاف 42 اور سرکاری ہسپتالوں کے خلاف 27 شکایات درج کرائی گئیں۔‘
نیشنل سوسائٹی فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ ’شکایت کرنے والوں نے سرکاری ادارے کے فیصلے پر اعتراض سے لے کر فیصلے پر نظر ثانی، ملازمت کی پوزیشن میں ترمیم اور بقایا جات کی ادائیگی تک مختلف امور کی بابت شکایات درج کرائیں ہیں۔‘
نیشنل سوسائٹی فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ ’شکایات مملکت کے تمام علاقوں میں موجود شاخوں میں درج کرائی گئیں۔ عائلی امور، انتظامی مسائل، بچوں کے خلاف تشدد، شہری امور سے متعلق شکایات پیش کی گئیں۔‘
سوسائٹی کا کہنا ہے کہ ’ہر شکایت کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لے کر متعلقہ ادارے کو خط لکھا گیا۔ شکوہ کرنے والے کی داد رسی کرتے ہوئے متعلقہ ادارے سے شکایت دور کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ عموماً شکایت کرنے والوں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کی گئی۔‘
 

شیئر: