مچھلیوں کا یہ فارم اپنی نوعیت کا منفرد ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
دبئی شہر کے مرکز سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر جبل علی کے علاقے میں سالمن مچھلی کا افزائشی مرکز مچھلیوں کے شائقین کی توجہ کامرکز بنا ہوا ہے۔ یہ دبئی کے صحرا میں واقع ہے۔ یہاں سیباس، ہامور، ہمیشی مچھلیوں کی افزائش اور پرورش بھی کی جاتی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق جبل علی میں مچھلیوں کا یہ فارم اپنی نوعیت کا منفرد ہے۔ اس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بدر بن مبارک نے بتایا کہ مچھلی فارم 2014ء میں قائم کیاگیا تھا۔ اس کے روح رواں ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم ہیں۔ انہوں نے اس فارم کی سرپرستی کی۔ تین برس میں یہ فارم پیداوار دینے لگا۔
ابتدائی مراحل کی تکمیل کے بعد2017ء میں فش فارم میں کام شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کے کارکنان کی تعداد 110تک پہنچ گئی۔ یہاں پانچ طریقوں سے مچھلیوں کی پرورش اور افزائش کی جارہی ہے۔
فارم مختلف قسم کی 3600 ٹن مچھلیاں فراہم کررہا ہے۔ یہاں 300 ٹن ہامور پیدا ہو رہی ہے۔ یہاں مچھلیوں کی پرورش اور افزائش کے لیے خاص قسم کے تالاب بنائے گئے ہیں۔ یہاں جاپانی مچھلی ہمیشی سو ٹن افزائش کے بعد برآمد کی جاتی ہے۔
مچھلی فارم کی انتظامیہ کو زیادہ مشکل سالمن مچھلی کی افزائش میں آئی۔ وجہ یہ ہے کہ سالمن بحراوقیانوس کے سمندری ماحول کی عادی ہوتی ہے اور یہ ماحول خلیج عرب اور مشرق وسطیٰ کے آبی ماحول سے مختلف ہے۔
دبئی نے اس چیلنج کو قبول کیا اور سالمن مچھلی کی پرورش کا تجربہ کیا گیا۔ اسے اس کا مطلوبہ ماحول مہیا کیا گیا۔ چھ ڈگری سے کم درجہ حرارت والا پانی مہیا کیاگیا۔ اونچی لہروں والا سمندری ماحول فراہم کیا گیا۔ یہ سب کچھ دبئی کے ماحول سے یکسر مختلف تھا۔
شروع میں سالمن کے انڈوں کی منتقلی بھی بہت بڑا چیلنج تھا۔ ا ب جبل علی میں یہ فش فارم سالمن مچھلیوں کی پرورش اور افزائش کے حوالے سے مکمل ہوچکا ہے۔ اب اس مچھلی کی افزائش کے سارے کام دبئی میں انجام دیئے جانے لگے ہیں۔