محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’کم از کم درجہ حرارت منفی سینٹی گریڈ سے نیچے ہوگا۔ خصوصاً تبوک، الجوف، حائل اور حدود شمالیہ میں درجہ حرارت منفی سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ القصیم اور ریاض کے شمالی علاقوں میں بھی شدید سردی ہوگی‘۔
محکمہ موسمیات نے توجہ دلائی ہے کہ ’بدھ سے جمعہ تک باحہ، عسیر ، جازان اور مکہ مکرمہ ریجن کے جنوبی پہاڑی علاقوں میں بارش ہوگی۔ کہیں موسلادھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش برسے گی جبکہ جمعرات اور جمعہ کو حدود شمالیہ، الجوف ، تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں بوندا باندی ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض اور الشرقیہ صوبوں خصوصاً ان کے جنوبی علاقوں میں بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے‘۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تبوک کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی پھلکی برفباری بھی ہوگی۔ خصوصاً اللوز، علقان، الظہر، الدیسہ میں برفباری کا قوی امکان ہے۔
الجوف اور الحدود الشمالیہ کے طریف، القریات اور حزم الجلامید مقامات پر جمعرات کی رات سے ہفتے کی صبح تک برفباری کا بڑا امکان ہے۔