محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک موسم سرد رہنے کی توقع ہے، فوٹو: سبق نیوز
سعودی عرب کے مختلف شہر بھی ان دنوں سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مکہ مکرمہ ریجن میں بھی شدید سردی کا راج ہے ۔ ماہر موسمیات صالح الشیخی کا کہنا ہے کہ ’آئندہ چند روز تک طائف میں شدید سردی رہنے کا امکان ہے۔‘
طائف کا درجہ حرارت آج بروز جمعہ اور ہفتے کو ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ' الشفا' میں پارہ منفی 3 تک پہنچ گیا ہے جو مکہ ریجن میں سب سے کم ہے۔
سبق نیوز نے ماہر موسمیات کے حوالے سے مزید کہا کہ ’رواں برس سردی کی غیر معمولی لہر نے سعودی عرب کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ سرد ہواؤں کا ہر طرف راج ہے۔ مکہ میں درجہ حرارت 11 ڈگری جبکہ جدہ میں کم سے کم 15 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
الشیخی کا مزید کہنا ہے کہ ’مکہ ریجن میں موسم آئندہ چند روز تک سرد رہے گا تاہم اس میں کبھی کمی اور کبھی اضافے کا امکان ہے ۔ آئندہ ہفتے کے بعد سے موسم تبدیل ہونے کی توقع کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مکہ، ریاض ، مشرقی ریجن اور جازان کے بعض علاقوں میں گہری دھند چھانے کا امکان ہے لہٰذا شاہراہوں پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
اس کے علاوہ تبوک کے شمالی علاقوں میں بھی برف باری کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شاہراہوں اور نشیبی مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’تبوک کے شمالی علاقوں خاص کر حقل کمشنری، اللوز پہاڑی علاقے اور الظھر کے مقامات پر آئندہ چند گھنٹوں میں برف باری کا امکان ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ برف باری کے دوران محتاط ڈرائیونگ کی کی جائے، شاہراہوں پر تیز رفتاری سے گاڑی چلانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔‘