جدہ ، ساحل پر زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی
جدہ ، ساحل پر زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی
جمعہ 10 جنوری 2020 15:16
عینی شاہدین نے آگ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیں ۔ فوٹو ،سبق نیوز
جدہ کورنیشن پر زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت کی بالائی منزل میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں ۔ گورنریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آتشزدگی سے کسی قسم کاجانی نقصان نہیں ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق ساحل سمندر پر زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت کی بالائی منزل پر جمعہ کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ ساحل پر تفریح کے لیے آنے والوں نے آگ کی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں ۔
آگی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جن کی مدد کے لیے ہیوی مشنری بھی پہنچائی گئی ۔ شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ زیر تعمیر عمارت کی آخری منزل پرلگی ہے جہاں تعمیراتی کام جاری تھا ۔
دوپہر تک آگ پر 90 فیصد تک قابو پایا جاسکا ۔ آگ بجھانے کا عمل ہنوز جاری ہے ۔ فائر فائٹنگ کی کارروائی میں شہری دفاع کے ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا ۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس سے اٹھنے والا دھواں دور سے دکھائی دے رہا تھا ۔ جہاں آگ لگی تھی وہ عمارت کا سب سے بلند حصہ تھا۔ تیز ہوا کی وجہ سے شعلے دور تک پھیل رہے تھے ۔
شہری دفاع کے اہلکاروں کی مدد کے لیے پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا جنہو ںنے سب سے پہلے ردوڈ کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا تاکہ آگ بجھانے کے لیے آنے والے یونٹس کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز ہوا اور بلند عمارت کی وجہ سے شہری دفاع کے اہلکاروں کو آگ بجھانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔