Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں بارش سے پروازیں منسوخ

راس الخیمہ کے جبل جیس کی چوٹی بھی سفید چادر اوڑھے نظر آرہی ہے (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارش نے زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کردیا ہے۔ امارات ایئر نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ پرواز کی روانگی سے کم از کم تین گھنٹے قبل ایئرپورٹ پر موجود رہیں۔
 الامارات الیوم  کے مطابق موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے راستے بارش کی وجہ سے آنے جانے والی پروازیں متاثر ہورہی ہیں۔
امارات ایئرلائنز نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ گھر یا ہوٹل سے نکلنے سے قبل نیٹ پر اپنی پروازوں کے بارے میں نئی اطلاع دیکھنا نہ بھولیں۔
الامارات الیوم کے مطابق فلائی دبئی نے اتوار 12 جنوری 2020ء کو زبردست بارش کے باعث مختلف ممالک کے لیے اپنی کچھ پروازیں منسوخ کی ہیں یا ان کے اوقات بدل دیئے ہیں۔

اماراتی شہری راشد النقبی ڈرونز کے ذریعے مختلف مقامات پر ہونے والی بارش کے وڈیو کلپ جاری کیے ہیں۔ الفحلین کا بہت بڑا علاقہ بارش کی وجہ سے زیرآب آگیا ہے۔ یہ راس الخیمہ ریاست میں واقع ہے۔
الفحلین کے علاقے میں گزشتہ برسوں کے دوران بھی موسلا دھار بارش ہوتی رہی ہے مگر اس مرتبہ جو بارش ہوئی ہے اس کی مثال گزشتہ بیس برسوں میں نہیں ملتی۔
ابوظبی پولیس نے بارش میں پھنسے ہوئی 32 افراد اور العین کی وادیوں میں پھنسی ہوئی 25 گاڑیوں کو امدادی کارروائی کر کے بچایا ہے۔
ابوظبی پولیس نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ وادیوں اور ایسے تمام نشیبی علاقوں سے دور رہیں جہاں بارش کا پانی جمع ہورہا ہے۔

امارات میں جبل مبرح کی چوٹی پر زبردست برفباری ہوئی جیسا کہ راس الخیمہ کے جبل چیس کی چوٹی بھی سفید چادر اوڑھے نظر آرہی ہے۔ وہاں بھی زبردست برفباری ہوئی ہے۔
تین دن سے امارات کا موسم غیر مستحکم چل رہا ہے۔ سرد ہواؤں سے پورے ملک میں ٹھنڈ کی لہر آئی ہوئی ہے۔
گزشتہ دنوں بارش کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر دبئی، شارجہ اور عجمان کے سکولوں میں اتوار کو تعطیل کردی گئی تھی۔ کئی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
دبئی  امدادی خدمات کے ادارے نے بتایا ہے کہ بارش کے دوران 1550 افراد نے مدد کی اپیلیں کیں۔ 145 گاڑیوں کے حادثات ہوئے۔
امارات الیوم کی رپورٹ کے مطابق دبئی کی متعدد سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ہے ان میں جمیرا، الوصل، المعبر، الرباط اور الشیخ زاید جیسی اہم سڑکیں شامل ہیں۔ محکمہ ٹریفک نے ان سڑکوں کا ٹریفک دوسری متبادل جگہوں پر منتقل کردیا ہے۔
موسلا دھار بارش الفجیرہ اور راس الخیمہ میں بھی ہوئی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ  خراب موسم کے باعث جمعرات سے اتوار تک 1880 ٹریفک حادثات مختلف مقامات پر ہوئے ہیں۔
دبئی پولیس کے مطابق شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے باعث گھر اور ہوٹل سے باہر نکلنے سے قبل موسم کے حوالے سے معلومات حاصل کرلیں تاکہ وہ کسی مسائل کا شکار نہ ہوں۔

شیئر: