Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ ایران کشیدگی: ’مظاہرین کو نہ مارو، دنیا دیکھ رہی ہے‘

صدر ٹرمپ نے ایران کو انٹرنیٹ سروسز بھی بحال کرنے کا کہا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی فوج کی جانب سے تہران میں مسافر طیارہ گرائے جانے کے بعد سڑکوں پر نکلنے والے حکومت مخالف مظاہرین کو نہ مارا جائے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو اپنی ایک ٹویٹ میں ایرانی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مظاہرین کو نہ مارو۔ آپ پہلے ہی ہزاروں افراد کو  ہلاک یا قید کر چکے ہیں، دنیا آپ کو دیکھ رہی ہے اور زیادہ اہم یہ ہے کہ امریکہ بھی دیکھ رہا ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’اپنی انٹرنیٹ سروسز بحال کرو اور رپورٹرز کو آزادی سے گھومنے دو۔ اپنے عظیم ایرانی لوگوں کو مارنا بند کرو۔‘ 

 

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کی ٹویٹ سے کچھ دیر قبل مقامی ٹی وی چینل سی بی ایس کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ ’ٹرمپ اب بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔‘
مارک ایسپر نے مزید کہا کہ ’ہم شرائط کے بغیر ٹیبل پر بیٹھنے اور ایک نیا راستہ تلاش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایسے اقدامات کا تسلسل جن کے ذریعے ایران ایک بہتر ملک بن سکے۔‘
اس سے قبل سنیچر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں ہونے والے مظاہروں کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا ان کی حکومت ایران کی ’بہادر‘ قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایران کے یوکرینی مسافر طیارے کو غلطی سے مار گرانے کے اعتراف پر تہران میں حکومت کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے مظاہرین کو مخاطب کرتے ہوئے انگریزی اور فارسی زبان میں ٹویٹ کیا کہ امریکہ، ایران میں جاری مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور مظاہرین کے ساتھ کھڑا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کی شام کو تہران کی ’امیر کبیر‘ یونیورسٹی کے طلبا نے یوکرینی طیارے کے حادثے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی میں حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں طلبا کے علاوہ دیگر شہریوں نے بھی شرکت کی۔

ٹرمپ نے مظاہرین کو پیغام دیا کہ وہ ان کی ہمت سے متاثر ہیں اور مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایران کے صدر حسن روحانی نے حادثے کو ناقابل معافی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یوکرین کے بوئنگ 737 کو انسانی غلطی کی وجہ سے میزائل لگے۔
صدر ٹرمپ نے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے جب سے صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے، تب سے وہ ایران کی بہادر قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ان کی حکومت ایران کے شہریوں کا ساتھ دیتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ مظاہرین کا ’قتل‘ نہیں ہو سکتا اور نہ ہی انٹرنیٹ کی سروس معطل کی جا سکتی ہے۔
ٹرمپ نے مظاہرین کو پیغام دیا کہ وہ ان کی ہمت سے متاثر ہیں اور مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 یوکرین کے صدر ولادمیر زیلینسکی نے ذمہ داروں کو سزا دینے اور متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایران کے جہاز مار گرانے کے اعتراف کے بعد عالمی رہنماؤں نے اس واقعہ کے ذمہ داروں کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 یوکرین کے صدر ولادمیر زیلینسکی نے ذمہ داروں کو سزا دینے اور متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی ذمہ داروں کے احتساب اور متاثرین کے لواحقین اور عزیزوں کے لیے شفاف انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر: