بڑے سیلنڈرحفاظتی اقدامات کے تحت بند کیے جارہے ہیں۔ فوٹو، سوشل میڈیا
سعودی گیس کمپنی کی جانب سے مملکت میں بڑے ایل پی جی گیس سیلنڈروں پر پابندی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بڑے سیلنڈروں پر پابندی کا اطلاق رواں برس 24 مئی سے کیا جائے گا۔
گیس کمپنی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ صارفین جو بڑے سیلنڈر استعمال کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ وقت مقررہ سے قبل اپنے سیلنڈرز تبدیل کر لیں۔
بڑے سیلنڈروں پر بندش کا فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا جا رہا ہے۔ مقامی ویب نیوز 'اخبار 24' کے مطابق سعودی گیس کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے وہ صارفین جو بڑے سیلنڈرز استعمال کرتے ہیں، انہیں بغیر کسی اضافی رقم کے ایک کے بدلے میں دو چھوٹے سیلنڈر فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بڑے گیس سیلنڈر 22 لیٹر کے ہوتے ہیں جبکہ چھوٹے سیلنڈر میں 11 لیٹر گیس آتی ہے۔ عام طور پر بڑے سیلنڈر ہوٹلوں یا کمرشل استعمال میں آتے ہیں جبکہ چھوٹے سیلنڈرز گھروں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
گیس کمپنی کی جانب سے مملکت کے تمام سیلنڈر فروخت کرنے والوں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو اس بارے میں مطلع کر دیں تاکہ مقررہ تاریخ سے قبل وہ سیلنڈرز تبدیل کر لیں۔
دریں اثناء گھوم پھر کر گیس سیلنڈرز فروحت کرنے والوں کا کہنا ہے ’یہ فیصلہ جہاں صارفین کے بہتر مفاد میں ہے وہاں اس سے ہمیں بھی کافی سہولت ہو گی کیونکہ بڑے سیلنڈر اٹھانے میں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
اس ضمن میں ہوٹلوں کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’کمرشل طور پر ہمیں بڑے سلینڈر استعمال کرنے میں آسانی تھی ۔ ہوٹل میں چھوٹا سیلنڈر جلد ختم ہو جاتا ہے جبکہ بڑے سیلنڈر میں انہیں یہ سہولت ہوتی ہے کہ اسے فوری طور پر تبدیل کرنا نہیں پڑتا۔ اب ایک کی جگہ دو سیلنڈرز رکھنا ہوں گے جس سے جگہ بھی کافی درکار ہوگی۔