شہری یا غیر ملکی 200 سگریٹ بغیر ڈیوٹی کے درآمد کر سکتا ہے۔ ( فوٹو: تواصل)
سعودی محکمہ کسٹم نے غیر ملکی آن لائن شاپس سے خریدی جانے والے سگریٹ کی زیادہ سے زیادہ مقدار کا تعین کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹوئٹر پر ایک صارف نے محکمہ کسٹم سے پوچھا ہے کہ ’کیا کسی غیر ملکی آن لائن شاپس سے سگریٹ خریدے جا سکتے ہیں، اس کی زیادہ سے زیادہ تعداد کتنی ہے؟‘
محکمہ کسٹم نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی بیرون ملک کسی آن لائن شاپ سے سگریٹ خرید کر اسے ملک میں درآمد کر سکتا ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’شہری یا غیر ملکی زیادہ سے زیادہ 200 سگریٹ بغیر کسٹم ڈیوٹی کے درآمد کرنے کا مجاز ہیں، اس سے زیادہ مقدار پر ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔‘
محکمے نے واضح کیا ہے کہ ’آن لائن شاپس سے زیادہ سے زیادہ ایک ہزار سگریٹ درآمد کیے جا سکتے ہیں۔ اس تعداد پر درآمد کرنے والے کو مقررہ ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔‘
محکمے نے کہا ہےکہ ’ایک ہزار سگریٹ سے زیادہ مقدار در آمد کرنے کی اجازت نہیں تاہم درآمد کرنے والے کو یہ اختیار حاصل ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ تعداد کو وہ ایک ماہ کے اندر دوبارہ برآمد کر سکتا ہے یا آن لائن شاپس کو واپس بھیج سکتا ہے۔‘