انڈین آرمی کا ہیلی کاپٹر کشمیر میں گر کر تباہ
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ محفوظ رہے( فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین آرمی کا ایک ہیلی کاپٹر انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ریاسی ضلعے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
انڈین ٹیلی ویژن چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق آرمی کا ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق 11 بجکر 15 منٹ پر ریاسی ضلع کی حدود میں گر کر تباہ ہوا۔
یہ ہیلی کاپٹر ریاسی ضلع کے علاقے ’ردکھد‘ میں تباہ ہوا تاہم اس کے دونوں پائلٹس محفوط رہے۔
انڈیا کے سرکاری خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے انڈین آرمی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پرواز کے دوران چیٹاک ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی پیدا ہو گئی جو اس کی تباہی کی وجہ بنی۔
تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا۔
خیال رہے گذشتہ سال فروری کے مہینے میں پاکستان نے انڈین فوج کا ایک جنگی طیارہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مار گرایا تھا۔ طیارے کے پائلٹ ابھینندن کو پاکستانی فوج نے حراست میں لے لیا تھا۔
اس وقت افواج پاکستان کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے دو انڈین طیارے مار گرائے جن میں سے ایک پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گرا جبکہ دوسرے طیارے کا ملبہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں گرا۔ پاکستان نے بعد میں گرفتار انڈین پائلٹ ابھینندن کو خیر سگالی کے جذبے کے تحت انڈیا کے حوالے کیا تھا۔