Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق وزیر خزانہ کا گھر پناہ گاہ میں تبدیل

اسحاق ڈار کے گھر میں بے گھر افراد کے لیے بستر لگا دیے گئے ہیں۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔
ترجمان محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق سابق وزیر خزانہ کے گلبرگ میں موجود گھر ’ہجویری ہاؤس‘ کے کمروں میں بے گھر افراد کے لیے بستر لگا دیے گئے ہیں اور اجتماعی ڈائننگ ہال بھی بنا دیا گیا ہے۔
ہجویری ہاوس کے باہر پناہ گاہ کا بورڈ بھی آویزاں کر دیا گیا ہے۔

 

خیال رہے کہ اس سے پہلے نیب نے اسحاق ڈار کے گھر کو بیچنے کی کوشش کی تھی اور 28 جنوری کو ضلعی انتظامیہ کے ذریعے نیلامی کروائی لیکن کوئی خریدار نہیں آیا۔ جبکہ نیلامی کے عمل کے دوران ہی سابق وزیر خزانہ کے سٹاف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے نیلامی روکنے کا حکم بھی دیا گیا۔
بارہ کمروں پر مشتمل ہجویری ہاؤس کی ابتدائی بولی 18 کروڑ 50 لاکھ رکھی گئی تھی جبکہ گھر کا رقبہ چارکنال 17 مرلہ پر مشتمل ہے۔
پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ کے مطابق حکومت نے اسحاق ڈار کے گھر کو غریب افراد کے لئے پناہ گاہ میں اس لیے تبدیل کیا ہے کیونکہ عدالت نے گھر بیچنے پر حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔

پرویز مشرف نے شریف فیملی کے گھروں کو بھی عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا تھا۔ فوٹو: اردو نیوز

یہ پناہ گاہ عارضی ہے جب عدالت کا حکم ختم ہو گا تو گھر کی دوبارہ نیلامی ہو گی کیونکہ اس کے احکامات نیب نے دے رکھے ہیں پنجاب اور لاہور کی ضلعی انتظامیہ ان احکامات پر عمل کروانے کی پابند ہے۔
یاد رہے کہ 1999 میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے مسلم لیگ ن کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شریف فیملی کے گھروں کو بھی عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا تھا، تاہم بعد میں عدالتی کارروائی کے ذریعے شریف فیملی کو ان کے گھر واپس کر دیے گئے تھے۔

شیئر: