Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الافلاج میں لاکھوں سرخ ٹڈیوں کا حملہ، کھڑی فصلیں تباہ

لاکھوں صحرائی سرخ ٹڈیوں نے کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے زرعی علاقے الافلاج میں لاکھوں ٹڈیوں نے کھڑی فصلوں کو تباہ کر دیا ہے۔ مزارعین فصلوں کو بچانے میں نا کام رہے جبکہ وزارت زراعت کا کہنا ہے کہ وہ ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے سپرے کا کام کر رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الافلاج میں سرخ ٹڈیوں نے حملہ کر کے فصلوں کو تباہ کردیا ہے جبکہ مزارعین اپنی باقی ماندہ فصلوں کو بچانے کے لیے ٹائر جلا کر ٹڈیوں کی روک تھام کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر سعودی شہری فارس الحقبانی نے ٹڈیوں کے حملے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وزارت زراعت سے اپیل ہے کہ باقی ماندہ فصلوں کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کرے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’صحرائی سرخ ٹڈیاں یہاں سے دوسرے علاقوں کا رخ کر رہی ہیں۔ فوری مداخلت نہ کی گئی تو بڑا نقصان ہو سکتا ہے‘۔
شہری کی ٹویٹ پر وزارت زراعت میں قدرتی آفات کے شعبے کے سربراہ محمد الشمرانی نے کہا ہے کہ ’الافلاج میں فضائی سپرے کے لیے کل ٹیم روانہ ہوگی۔ ہم ٹڈیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔
دوسری طرف مزارعین نے کہا ہے کہ ’ٹڈیوں نے اچانک حملہ کردیا۔ متعلقہ اداروں کو پہلے سے ہی انتباہ جاری کرنا چاہئے تھا۔ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور سپرے کرنے والی ٹیم ابھی تک نہیں پہنچی‘۔
 

شیئر: