طائف: نفسیاتی ہسپتال سے چار مریض فرار
مریض ہسپتال کا ہنگامی دروازہ توڑ کر فرارہوئے (فوٹو: عکاظ اخبار)
طائف کے نفسیاتی ہسپتال سے چار مریض ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے دروازے کو توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مریض کو انتظامیہ واپس لے آئی جبکہ باقی تین اپنے اہل خانہ کے پاس ہیں۔
مقامی جریدے 'عکاظ ' کے مطابق طائف میں نفسیاتی ہسپتال 'شھار' میں زیر علاج نفسیاتی مریضوں کے فرار کے حوالے سے ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے مریضوں کی حالت اگرچہ درست نہیں تاہم وہ دوسروں کے لیے خطرناک ثابت نہیں ہو سکتے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فرارہونے والے نفسیاتی مریضوں میں سے ایک کو واپس لایا گیا ہے جبکہ باقی تینوں کو بھی کچھ دنوں بعد ہسپتال لایا جائے گا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ نفسیاتی ہسپتال سے مریضوں کے اس طرح فرار ہونے سے متعدد سوالات اٹھ رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ زیر علاج مریض کس طرح ریڈ زون کو عبور کر کے ہنگامی حالت میں استعمال ہونے والے دروازے تک پہنچے اور اسے توڑ کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
اس ضمن میں ذرائع نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے کہ فرارہونے والے مریض ہسپتال کے ماحول سے بیزار آچکے تھے جبکہ دوسری وجہ ان کے اہل خانہ کا لمبے عرصے تک ان سے رابطہ نہ کرنا بھی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فرار ہونے کی ایک اور وجہ ہسپتال میں مریضو ں کے لیے مناسب طور پر تفریحی سرگرمیوں کا نہ ہونا بھی ہو سکتا ہے۔
اعداد وشمار کے بارے میں اخبار کا کہنا تھا کہ طائف کے نفسیاتی ہسپتال میں اس وقت 400 ایسے مریض ہیں جن کے اہل خانہ انہیں گھروں میں رکھنے پر راضی نہیں۔