Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس اندازوں سے کہیں بڑھ کر خطرناک

دنیا کے 30 ممالک میں 565 افراد کورونا سے متاثر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
چینی حکام کی جانب سے کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی سے اموات کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نئی ہلاکتوں کے انکشاف پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا حقیقت میں کہیں زیادہ خطرناک ہے۔
صوبہ ہوبئے میں حکام کے مطابق وائرس سے متاثرہ  افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ وائرس کی تشخیص کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔ نئی فہرست میں وہ متاثرین بھی شامل ہیں جن میں وائرس کی تشخیص پھیپڑوں کے سکین کی بنیاد پر ہوئی ہے۔
اس سے پہلے کے اعداد و شمار صرف لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے تصدیق شدہ کیسز کی عکاسی کر رہے تھے۔
چینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ماضی کے مشکوک کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد مزید متاثرہ افراد کا انکشاف ہوا ہے۔
صوبہ ہوبئے میں متاثرین کی تعداد 14 ہزار 840 ہو گئی ہے جبکہ اس کے دارالحکومت ووہان میں جمعرات کو 242 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جو ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
اے ایف پی کے مطابق صوبہ ہوبئے کے حکام پر وائرس کی شدت کو پوشیدہ رکھنے کا الزام بھی ہے۔
تجزیہ کاروں کے خیال میں متاثرین کی تعداد ریکارڈ کرنے کا نیا طریقہ کار تمام معاملے کو مزید شفاف بنانے کی کوشش ہے، لیکن اس سے حکومت پرعدم اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔

 کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز میں سوار 218 افراد کورونا سے متاثر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

چینی حکومت کو پہلے ہی کورونا کی وبا سے غیر مؤثر طریقے سے نمٹنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جمعرات کو متاثرین اور ہلاکتوں کے نئے اعداد و شمار آنے کے بعد کمیونسٹ پارٹی نے وائرس زدہ صوبہ ہوبئے کے دو اعلیٰ حکام کو فوری طور پر برطرف کر دیا ہے۔ دونوں عہدیدار صدر شی جن پنگ کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔
صدر شی جن پنگ نے ویسے تو حوصلہ افزا بیان دیا ہے کہ حکومت کی کوششوں سے وبا کو مزید پھلینے سے روکا گیا ہے، لیکن اقوام متحدہ نے متنبہ کر دیا ہےکہ فی الحال ایسا کوئی دعویٰ کرنا قبل از وقت ہو گا۔
عالمی ادارہ برائے صحت نے وائرس کو کووڈ 19 کا نام دیا ہے۔
اب تک دنیا کے 30 ممالک میں 565 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوبئے صوبے کے مرکزی شہر ووہان میں ہوئیں ہیں۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ سے بھی وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
جاپان کے ساحل پر ایک کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز کے بارے میں یہ اطلاع ہے کہ اس میں سوار 218 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

شیئر: